پاکستان ٹیلی وژن کے سینئر اور لیجنڈ اداکار خالد حفیظ انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی شوبز انڈسٹری، فنکار برادری اور مداحوں میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑ گئی۔ مرحوم خالد حفیظ کو خاص طور پر نوّے کی دہائی کے مقبول پی ٹی وی ڈرامہ سیریل ’’گیسٹ ہاؤس‘‘ میں اپنے یادگار کردار کی وجہ سے شہرت حاصل ہوئی۔
ڈرامہ ’’گیسٹ ہاؤس‘‘ میں خالد حفیظ نے گیسٹ ہاؤس کے مالک کا اہم کردار ادا کیا تھا۔ پینٹ کوٹ میں ملبوس، باوقار انداز، شائستہ گفتگو اور منفرد اداکاری نے انہیں ناظرین کے دلوں میں ایک خاص مقام دلایا۔ ان کا کردار ڈرامے کی کہانی میں مرکزی حیثیت رکھتا تھا اور پورے سیریل کی فضا کو سنجیدگی اور توازن فراہم کرتا تھا۔
’’گیسٹ ہاؤس‘‘ نوّے کی دہائی کا ایک انتہائی مقبول اور کامیاب ڈرامہ تھا جس میں ریمبو اور مراد جیسے کرداروں نے بھی غیرمعمولی شہرت حاصل کی۔ یہ ڈرامہ اپنی منفرد کہانی، مضبوط مکالموں اور یادگار کرداروں کی وجہ سے آج بھی ناظرین کو یاد ہے۔ خالد حفیظ کی اداکاری نے اس ڈرامے کو
دوام بخشا اور ان کا کردار پی ٹی وی کے سنہری دور کی علامت بن گیا۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی وی شدید مالی بحران کا شکار ہوگیا، ملازمین کی مراعات پر پابندی عائد
مرحوم خالد حفیظ کا شمار ان فنکاروں میں ہوتا تھا جنہوں نے کم مگر معیاری کام کے ذریعے اپنی پہچان بنائی۔ ان کی اداکاری میں ٹھہراؤ، وقار اور قدرتی پن نمایاں تھا، جو اس دور کے سنجیدہ ڈراموں کی پہچان سمجھی جاتی تھی۔
فنکار برادری کی جانب سے خالد حفیظ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی مداح ان کے لیے تعزیتی پیغامات جاری کر رہے ہیں۔ شوبز حلقوں کا کہنا ہے کہ خالد حفیظ کا انتقال پی ٹی وی کے سنہری دور کے ایک اور باب کے بند ہونے کے مترادف ہے۔

