گیس کی قیمتوں سے متعلق حکومت کا بڑا فیصلہ

گیس کی قیمتوں سے متعلق حکومت کا بڑا فیصلہ

حکومت نے صارفین کو ریلیف دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ آئندہ چھ ماہ کے دوران گیس کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق موسم سرما میں گیس کے نرخ برقرار رکھے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں قطر سے ایل این جی کے درآمدی معاہدے پر بھی کامیابی سے دستخط ہو چکے ہیں، جو ملک میں توانائی کے شعبے میں استحکام لانے میں معاون ثابت ہوں گے۔

وزیر پیٹرولیم کا کہنا ہے کہ یہ اقدام بہترین اصلاحات اور حکومتی منصوبہ بندی کا حصہ ہے، جس کے تحت سردیوں کے دوران بھی صارفین پر اضافی مالی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔

اس فیصلے کا اعلان وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر گیس کی قیمتوں میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی جا رہی۔

وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ وزیراعظم کے احکامات کے تحت جنوری 2026 سے بھی گیس کی قیمتیں نہیں بڑھائی جائیں گی، جس کا مقصد عوام کو مہنگائی کے دباؤ سے بچانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اس بات سے بخوبی آگاہ ہے کہ توانائی کی قیمتوں میں اضافے کا براہِ راست اثر عام صارفین پر پڑتا ہے، اسی لیے وزیراعظم نے گیس کے نرخ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

علی پرویز ملک نے بریفنگ کے دوران گیس کے سرکلر ڈیٹ سے متعلق بھی تفصیلات فراہم کیں۔ انہوں نے بتایا کہ گیس کے سرکلر ڈیٹ میں مزید اضافہ نہیں ہو رہا اور اس وقت گیس کا مجموعی سرکلر ڈیٹ تین ہزار ارب روپے ہے، جس میں ایل پی ایس (ایل این جی پاور سیکٹر) بھی شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اس مالی بوجھ کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے تاکہ توانائی کے شعبے پر دباؤ کم کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: گیس کی خریداری اور فروخت کے شعبے میں سوئی گیس کمپنیوں کی اجارداری کا خاتمہ

وزیر پیٹرولیم نے قطر کے ساتھ گیس کے معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قطر نے مشکل حالات کے باوجود کنٹریکٹ کی شرائط کو برقرار رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر توانائی کے شعبے میں غیر یقینی صورتحال کے باوجود قطر کی جانب سے معاہدے کی پاسداری ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے پاکستان کو فائدہ ہو رہا ہے۔

قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے علی پرویز ملک نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت توانائی کے شعبے میں استحکام لانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور عوام کو بلاوجہ اضافی مالی بوجھ میں ڈالنے سے گریز کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کر رہی ہے، اور گیس کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ بھی اسی پالیسی کا حصہ ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *