عالمی برادری تنازع کشمیر کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے مسئلہ حل کروائے، پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ

عالمی برادری تنازع کشمیر کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے مسئلہ حل کروائے، پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ

امریکا میں واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارت خانے میں یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت اور بھارتی قبضے کے خلاف جاری جدوجہد کو اجاگر کیا گیا۔ تقریب میں سفارت کاروں، ماہریینِ امورِ خارجہ، دانشوروں اور کشمیری نمائندوں نے شرکت کی۔

سفیرِ پاکستان رضوان سعید شیخ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کا تنازع 2 جوہری طاقتوں کے درمیان ایک ممکنہ جنگ کا سبب بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’جو چیز غیر قانونی ہے، اسے سیاسی یا اقتصادی طاقت کے زور پر جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔‘ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو اس تنازع کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اس کا پرامن حل تلاش کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی خارجہ پالیسی متوازن، کیمپ سیاست کو مسترد کرتے ہیں، رضوان سعید شیخ

تقریب کے دوران سعود سلطان کی کتاب ’جموں کشمیر، فراموش شدہ داستان‘ کی رونمائی بھی کی گئی۔ اس کتاب کو بھارتی بیانیے کے خلاف ایک تحقیقی اور حوالہ جاتی دستاویز قرار دیا گیا، جو کشمیر کی تاریخ اور تنازعے کے حقیقی پس منظر پر روشنی ڈالتی ہے۔

سابق سفیر توقیر حسین نے خطاب میں کہا کہ یہ کتاب دہائیوں سے پھیلائے گئے مسخ شدہ تاثر کا ایک مؤثر جواب ہے، جبکہ کشمیری رہنما ڈاکٹر غلام نبی فائی نے اپنے پیغام میں بھارت میں قید کشمیری رہنماؤں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

صحافی انور اقبال نے اپنے خطاب میں بھارت کے 2019 کے غیر قانونی ’انضمام‘ کو ’لاکھوں سروں پر بیوروکریٹک رقص‘ قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدامات نے نہ صرف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں پیدا کی ہیں بلکہ خطے کے امن و استحکام کو بھی خطرے میں ڈال دیا ہے۔

مزید پڑھیں:جذبۂ ’بُنْیَانُ مَّرصُوصْ‘کو معاشی ترقی تک بڑھانے کی ضرورت ہے، رضوان سعید شیخ

تقریب میں ڈاکٹر عارف محمود نے تحریکِ مزاحمت میں ادب کے کردار پر اظہارِ خیال کیا، جبکہ معروف شاعرہ نورین طلعت عروبہ نے کشمیر پر اپنی نظم پیش کی جسے حاضرین نے خوب سراہا۔

اختتامی کلمات میں سفیرِ پاکستان رضوان سعید شیخ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ اپنی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کو عالمی فورمز پر اجاگر کرتا رہے گا تاکہ کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلایا جا سکے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *