معروف بھارتی اسٹینڈ اپ کامیڈین ذاکر خان نے لائیو کامیڈی شوز سے طویل وقفہ لینے کا اعلان کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف بھارتی اسٹینڈ اَپ کامیڈین ذاکر خان نے اپنے مداحوں کو آگاہ کیا ہے کہ وہ کامیڈی سے ایک طویل وقفہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں کیونکہ مسلسل سفر، مصروف شیڈول اور پیشہ ورانہ دباؤ نے انہیں یہ فیصلہ کرنے پر مجبور کردیا ہے ، اب وہ اپنی صحت اور ذاتی زندگی کو ترجیح دینا چاہتے ہیں۔
ذاکر خان نے یہ بات حیدرآباد میں جاری اپنے مشہور ’پاپا یار ٹور‘ کے ایک لائیو شو کے دوران کہی، شو کے دوران کیے گئے اس اعلان کی ویڈیو چند ہی گھنٹوں میں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس پر مداحوں کی جانب سے ملا جلا ردِعمل سامنے آیا۔
38 سالہ کامیڈین کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ کئی برسوں سے لگاتار مختلف شہروں اور ممالک میں پرفارم کر رہے ہیں، لیکن اب انہیں محسوس ہوتا ہے کہ صحت کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ وقفہ مختصر نہیں بلکہ کئی برسوں پر محیط ہو سکتا ہے اور ممکن ہے وہ 2028، 2029 یا حتیٰ کہ 2030 تک اسٹیج سے دور رہیں۔
منگل کے روز سامنے آنے والی ویڈیو میں ذاکر خان نے کھچا کھچ بھرے آڈیٹوریم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی موجودہ پیشہ ورانہ ذمہ داریاں مکمل کرنے کے بعد اس وقفے کا آغاز کریں گے، انہوں نے اس موقع پر حاضرین سے جذباتی انداز میں مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ان کے مداح ان کے دل کے بے حد قریب ہیں اور ان کی محبت اور حمایت ان کے لیے بے حد قیمتی ہے، وہ ہمیشہ اس اعتماد اور پیار کے لیے شکر گزار رہیں گے جو انہیں برسوں سے ملتا آ رہا ہے۔
قبل ازیں ذاکر خان نے منگل کی دوپہر انسٹاگرام پر بھی ایک اسٹوری شیئر کی جس میں اس وقفے کی جانب اشارہ دیا گیا، جبکہ دبئی پہنچنے کے بعد ایک اور پیغام میں انہوں نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ حتمی ہے۔
واضح رہے کہ ذاکر خان نے گزشتہ سال نیویارک کے مشہور میڈیسن اسکوائر گارڈن میں پہلے بھارتی کامیڈین کی حیثیت سے ہندی زبان میں پرفارم کیا تھا۔ تقریباً 6 ہزار افراد پر مشتمل اس شو کو انہوں نے اپنے کیریئر کا یادگار لمحہ قرار دیا تھا۔
اپنے منفرد انداز اور روزمرہ زندگی سے جڑی مزاحیہ کہانیوں کے باعث ذاکر خان بھارت سمیت دنیا بھر میں بے حد مقبول ہیں ، مداح اب ان کی جلد صحت یابی اور کامیڈی اسٹیج پر واپسی کے منتظر ہیں۔