دو روزہ او آئی سی خواتین وزارتی کانفرنس آج اسلام آباد میں شروع ہوگی

دو روزہ او آئی سی خواتین وزارتی کانفرنس آج اسلام آباد میں شروع ہوگی

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دو روزہ او آئی سی خواتین وزارتی کانفرنس آج شروع ہو رہی ہے، جس میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کی اعلیٰ سطحی نمائندگان شرکت کر رہی ہیں، کانفرنس کا مقصد مسلم دنیا میں خواتین کے سماجی، معاشی اور سیاسی کردار کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر غور کرنا ہے۔

کانفرنس میں خواتین کے بنیادی حقوق، تعلیم، صحت، معاشی خودمختاری، روزگار کے مواقع، فیصلہ سازی کے عمل میں خواتین کی شمولیت اور معاشرتی ترقی میں ان کے کردار سمیت مختلف اہم موضوعات زیر بحث آئیں گے۔

او آئی سی کے رکن ممالک کے وفود کی اسلام آباد آمد کا سلسلہ جاری ہے، جہاں پاکستانی حکام کی جانب سے ان کا خیرمقدم کیا جا رہا ہے، وزیر مملکت بیرسٹر عقیل ملک اور دیگر اعلیٰ حکام نے اسلام آباد پہنچنے والے وفود کا استقبال کیا۔

یہ بھی پڑھیں :اسلام آباد میں او آئی سی کی وزارتی کانفرنس کا اعلان، 57 ممالک کے مندوب شریک ہوں گے!

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کانفرنس کے چیئرمین کی ذمہ داریاں انجام دیں گے، جبکہ اجلاسوں میں رکن ممالک کی نمائندگان خواتین کی ترقی سے متعلق پالیسی اقدامات اور تجربات کا تبادلہ کریں گی۔

کانفرنس کے انعقاد کے سلسلے میں 9ویں او آئی سی وزارتی کانفرنس کا خصوصی نغمہ اور دستاویزی فلم بھی جاری کی گئی ہے، جس میں خواتین کی صلاحیتوں، کامیابیوں اور معاشرے میں ان کے اہم کردار کو اجاگر کیا گیا ہے۔

کانفرنس کے دوران اس بات پر بھی غور کیا جائے گا کہ اسلامی ممالک میں خواتین کو تعلیم، صحت، کاروبار اور دیگر شعبوں میں زیادہ سے زیادہ مواقع کیسے فراہم کیے جا سکتے ہیں۔ شرکا خواتین کو درپیش مسائل کے حل کے لیے علاقائی تعاون اور مشترکہ اقدامات کی تجاویز بھی پیش کریں گے۔

پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی یہ کانفرنس اسلامی ممالک کے درمیان خواتین کی ترقی اور بااختیاری کے حوالے سے تعاون کو فروغ دینے کی ایک اہم کوشش قرار دی جا رہی ہے۔

editor

Related Articles