جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ فضل الرحمان نے اپنا ایجنڈا ایک بار پھر عیاں کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فوج کو خود سے طاقتور نہیں دیکھنا چاہتے، سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ ایجنڈا تو ملک دشمنوں کا ہے جو فوج کو کمزور دیکھنا چاہتے ہیں۔
فضل الرحمان کے پشاور بار ایسوسی ایشن سے خطاب پر سیاسی مبصرین، عوامی حلقوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔
مبصرین نے سیکیورٹی کی واپسی، اسمبلیوں کی حیثیت اور عسکری اداروں سے متعلق ان کے مؤقف کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے تضادات پر مبنی قرار دیا ہے۔
پشاور بار سے خطاب میں فضل الرحمان نے شکوہ کیا کہ ان کی سیکیورٹی واپس لے لی گئی ہے۔ اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ ایک جانب ذاتی اور سیاسی مفادات پورے نہ ہونے پر ریاست کے خلاف سخت زبان استعمال کی جاتی ہے اور اس پر ’تھو‘ کرنے جیسے الفاظ کہے جاتے ہیں، جبکہ ملک کے دفاع میں جانیں نچھاور کرنے والے شہدا کی قربانیوں کو بھی تسلیم کرنے سے گریز کیا جاتا ہے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ جب فضل الرحمان کو سیکیورٹی اداروں پراعتماد ہی نہیں اور ان کے کردار کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے، تو پھر انہی اداروں کی جانب سے فراہم کردہ سیکیورٹی واپس لیے جانے پر احتجاج اور شور مچانے کا کوئی اخلاقی جواز باقی نہیں رہتا۔
قول و فعل کے تضاد
خطاب کے دوران فضل الرحمان نے کہا کہ اپنے مفادات کے حصول کے لیے تضادات کی سیاست کی جا رہی ہے۔ اس پر تبصرہ کرتے ہوئے مبصرین کا کہنا ہے کہ جے یو آئی سربراہ نے دراصل اپنی ہی سیاست کی درست عکاسی کی ہے، کیونکہ ان کے نہ صرف قول و فعل بلکہ نظریات میں بھی واضح تضاد نظر آتا ہے۔
فضل الرحمان کی جانب سے موجودہ اسمبلیوں کو مخصوص ایجنڈے کی تکمیل کے لیے بنائی گئی ’جعلی اسمبلیاں‘ قرار دینے پر بھی عوامی حلقوں نے سخت سوالات اٹھائے ہیں۔
شہریوں اور مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر جے یو آئی قیادت ان اسمبلیوں کو جعلی سمجھتی ہے تو وہ خود اور ان کی جماعت کے ارکان ان ایوانوں کا حصہ کیوں بنے ہوئے ہیں، انہیں چاہیے کہ وہ فوری طور پر اپنی نشستوں سے استعفیٰ دیں۔
مبصرین کا ماننا ہے کہ عوام اب اس طرح کی سیاسی چالوں کو بخوبی سمجھ چکے ہیں اور ان بیانات کا عوامی سطح پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔
افواج پاکستان کی طاقت سے متعلق بیان
اپنے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے یہ اعلان بھی کیا کہ وہ فوج کے خلاف نہیں ہیں تاہم وہ فوج کو اپنے مقابلے میں طاقتور نہیں دیکھنا چاہتے۔ اس بیان پرعوامی حلقوں اور سوشل میڈیا پر شدید ترین مذمت کی جا رہی ہے۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ شہدا اور عسکری اداروں کو تنقید کا نشانہ بنانے کے پیچھے چھپے محرکات اس بیان سے کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔
مبصرین نے سوال اٹھایا ہے کہ فضل الرحمان وضاحت کریں کہ وہ ملکی دفاع کی ضامن فوج کو اپنے سے زیادہ طاقتور کیوں نہیں دیکھنا چاہتے؟
مبصرین کے مطابق ایک مضبوط اور طاقتور فوج کسی بھی بیرونی یا مخصوص ایجنڈے کی تکمیل کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہوتی ہے، اسی لیے ملک و قوم کے تحفظ کے لیے قربانیاں دینے والے ادارے کو کمزور دیکھنے کی خواہش کا اظہار کرنے کا کیا مطلب ہو سکتا ہے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ تو ملک دشمن بیرونی قوتوں کی خواہش ہے جو ملک کی افواج کو کمزور دیکھنا چاہتی ہیں، لیکن فضل الرحمان یاد رکھیں ان کی یہ خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی۔
فضل الرحمان گزشتہ عام انتخابات کے نتائج اور موجودہ حکومتی ڈھانچے کے حوالے سے مسلسل تحفظات کا اظہار کرتے آ رہے ہیں اور متعدد مواقع پر پارلیمنٹ کی قانونی و اخلاقی حیثیت پر سوالات اٹھا چکے ہیں۔
دوسری جانب ان کی جماعت خود پارلیمانی سیاست کا حصہ ہے اور مختلف آئینی و قانون سازی کے مراحل میں متحرک کردار بھی ادا کرتی رہی ہے۔
سیاسی منظرنامے میں بیک وقت ایوانوں کے اندر موجود رہنا اور باہر انہیں غیر آئینی یا جعلی قرار دینا ایک ایسا تضاد ہے جس نے جے یو آئی کے بیانیے کی ساکھ کو متاثر کیا ہے۔
ملک میں دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے چیلنجز اور سیکیورٹی فورسز کی جاری قربانیوں کے تناظر میں عسکری اداروں کی طاقت پر سوالات اٹھانا عوامی سطح پر حساسیت کو جنم دیتا ہے، جس کے باعث پشاور بار کے اس خطاب نے ایک نئے سیاسی تنازع کو جنم دے دیا ہے۔