وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، امن و امان، حکومتی اقدامات، نئے صوبوں کے قیام اور اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں اس بات پر گفتگو ہوئی کہ عوام کو بہتر انتظامی سہولیات کی فراہمی، حکومتی نظام کی مؤثر کارکردگی اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے انتظامی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ نئے صوبوں کا قیام براہِ راست عوام کی سہولت، بہتر طرز حکمرانی، انتظامی کارکردگی اور ملکی مستقبل سے جڑا ہوا معاملہ ہے۔ انتظامی یونٹس کو مضبوط اور بااختیار بنانا بھی عوامی مسائل کے حل کا ایک مؤثر راستہ ہو سکتا ہے۔
چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سب سے بڑے اسٹیک ہولڈرز عام لوگ ہیں، ان کی ضروریات اور خواہشات کو مدنظر رکھ کر فیصلے کیے جانے چاہئیں۔ آج درست سمت میں قدم نہ اٹھایا گیا تو کل معاف نہیں کرے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی منشا کے مطابق تمام فیصلے کرنا وقت کا اولین تقاضا ہے۔ عوامی خواہشات اور ضروریات کو حکومتی فیصلوں میں بنیادی اہمیت حاصل ہونی چاہیے۔
ملاقات کے دوران محسن نقوی نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں انسداد دہشت گردی اور قیام امن کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی چودھری شجاعت حسین کو آگاہ کیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چودھری سالک حسین اور صوبائی وزیر صنعت چودھری شافع حسین بھی موجود تھے۔
ملاقات میں نئے صوبوں کے قیام اور اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی جیسے اہم انتظامی معاملات پر تبادلہ خیال کو ملک میں بہتر طرز حکمرانی اور عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔