نیویارک میں واقع روزویلٹ ہوٹل کی بحالی، تجدید اور ترقی کے لیے پاکستان اور امریکا کے درمیان باضابطہ تعاون کا آغاز ہو گیا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق روزویلٹ ہوٹل منصوبے پر پاکستان اور امریکا کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔ اعلامیے کے مطابق پاکستانی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور امریکا کی جانب سے ایڈمنسٹریٹر ایڈورڈ سی فورسٹ نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف بھی موجود تھے۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ روزویلٹ ہوٹل کی تجدید اور ترقی کے لیے پاک امریکا اقتصادی تعاون کا آغاز ہو گیا ہے۔ اعلامیے میں بتایا گیا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان روزویلٹ ہوٹل کے آپریشن اور ترقی سے متعلق جامع فریم ورک طے پا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق روزویلٹ ہوٹل منصوبہ پاک امریکا اقتصادی تعلقات میں نئی پیشرفت کا باعث ہوگا۔
وزارت خزانہ کے مطابق روزویلٹ ہوٹل کی اپ گریڈیشن پر پاکستان اور امریکا کے درمیان شفاف تعاون طے پایا ہے، جبکہ ایم او یو کے ذریعے روزویلٹ ہوٹل منصوبے میں تکنیکی اور تجارتی ہم آہنگی ممکن ہو سکے گی۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے مشترکہ فریم ورک کے تحت روزویلٹ ہوٹل کی قدر بڑھانے پر اتفاق ہو گیا ہے، اور یہ منصوبہ دونوں ممالک کی اقتصادی شراکت کو نئی سمت دے گا۔