ڈونلڈ ٹرمپ کی ریاست فلوریڈا میں واقع رہائشگاہ مار اے لاگو میں ایک مشتبہ شخص کے غیر قانونی داخلے کی کوشش کو سیکرٹ سروس نے ناکام بنا دیا۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ شخص صدر کی ذاتی رہائشگاہ کے احاطے میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا جسے سکیورٹی اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے روکنے کی کوشش کی۔
رپورٹس کے مطابق واقعے کے دوران سکیورٹی اہلکاروں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں مشتبہ حملہ آور موقع پر ہلاک ہو گیا،حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے شخص کی عمر تقریباً بیس سال تھی اور وہ غیر قانونی طریقے سے رہائشگاہ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔
واقعے کے وقت ڈونلڈ ٹرمپ خود رہائشگاہ میں موجود نہیں تھے جس کی وجہ سے انہیں کسی قسم کے خطرے کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ حکام نے علاقے کو فوری طور پر گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا تاکہ ممکنہ خطرات کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔
امریکی تحقیقاتی اداروں کے مطابق مشتبہ شخص کے بیگ سے ایک شاٹ گن اور گیس سے بھرے ہوئے ڈبے برآمد ہوئے ہیں جنہیں مزید فرانزک جانچ کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ آور کی شناخت اور اس کے محرکات جاننے کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے