ایران پر ممکنہ امریکی حملے کے خدشات کے تناظر میں اسرائیل میں سکیورٹی ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہنگامی صورتِ حال کے پیش نظر بنکرز اور محفوظ مقامات کے قریب رہیں۔ اسرائیلی حکام نے اسے احتیاطی اقدام قرار دیتے ہوئے دفاعی اور ہنگامی اداروں کو مکمل تیاری کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک کے دفاعی نظام کو الرٹ سطح پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ اسرائیلی ڈیفنس فورس اور سول ڈیفنس سے وابستہ اداروں کو کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری ردعمل کی صلاحیت برقرار رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اگر امریکا کی جانب سے ایران پر کارروائی ہوتی ہے تو اس کے ردعمل میں ایران اسرائیل کو نشانہ بنا سکتا ہے، جس کے پیش نظر پیشگی حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق شہریوں کو موبائل الرٹ سسٹمز فعال رکھنے، قریبی شیلٹرز کی نشاندہی کرنے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔ تعلیمی اداروں، عوامی اجتماعات اور حساس تنصیبات کی سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ فضائی دفاعی نظام کو بھی مکمل فعال حالت میں رکھا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کشیدگی میں اضافہ ،امریکی جنگی جہازوں کی موجودگی میں ایران کا بڑا دفاعی اقدام

