اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت سے متعلق افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں، جبکہ ڈاکٹرز کی جانب سے اسپتال منتقل کرنے کی کوئی سفارش سامنے نہیں آئی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں (ن) لیگی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ “جب ڈاکٹر ہی نہیں کہہ رہا کہ بانی کو اسپتال شفٹ کیا جائے تو کیسے شفٹ کر دیں؟ ڈاکٹر کہے گا تو بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ایک مہینے کے لیے اسپتال شفٹ کر دیں گے۔”
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ترقیاتی منصوبوں پر بھرپور توجہ دے رہی ہے اور عوامی سہولت کے لیے کروڑوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق ملک بتدریج مشکلات سے نکل رہا ہے۔
افغانستان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ افغان سرزمین پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے۔ پاکستان امن، بھائی چارہ اور دوستی چاہتا ہے، تاہم اگر جنگ مسلط کی جائے تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بے گناہ شہریوں اور بچوں پر حملہ کرنے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔
ایاز صادق نے مزید کہا کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب محنت سے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے عالمی مہنگائی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور یورپ سمیت دنیا بھر میں لوگ معاشی دباؤ کا شکار ہیں، تاہم پاکستان میں مذہبی رجحان کے باعث حالات نسبتاً مختلف ہیں۔
مزید پڑھیں: کے پی حکومت رمضان پیکج کا اعلان تک نہ کرسکی، ان کیلئے عمران کی آنکھ، دانت اور جیل کی آسائشیں اہم ہیں، عظمی بخاری