وفاقی حکومت نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر سرکاری تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے تین چھٹیوں کا اعلان کر دیا ہے جس کی وزیراعظم نے باقاعدہ منظوری دے دی ہے اس فیصلے کے بعد عید پر مجموعی تعطیلات کا شیڈول واضح ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کیا جس کے تحت 26، 27 اور 28 مئی کو سرکاری تعطیلات ہوں گی۔ اس دوران تمام سرکاری اور نجی ادارے بند رہیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق منگل، بدھ اور جمعرات کو عام تعطیل ہوگی جبکہ عیدالاضحیٰ بدھ 27 مئی کو منائی جائے گی۔ حکومتی اعلان کے بعد شہریوں میں عید کی تیاریوں کا سلسلہ مزید تیز ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس بار جمعہ کو اضافی چھٹی نہیں دی گئی، جس کے باعث عام ورکنگ ڈے معمول کے مطابق جاری رہے گا۔ تاہم اس کے بعد ہفتہ وار تعطیلات آ جانے سے شہریوں کو ایک مرتبہ پھر دو دن کا وقفہ مل جائے گا۔ اس طرح عید کی خوشیوں کے ساتھ مختصر وقفے وقفے سے آرام کا موقع بھی دستیاب ہوگا۔
دوسری جانب یہ بھی قابلِ ذکر ہے کہ اگر جمعہ کو بھی تعطیل دے دی جاتی تو عید کی چھٹیاں مزید طویل ہو کر چھ روز تک پہنچ سکتی تھیں تاہم موجودہ فیصلے کے تحت حکومت نے صرف تین سرکاری تعطیلات کی منظوری دی ہے۔