وفاقی حکومت نے پاکستان کا دورہ کرنے والی سری لنکا اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے فوج اور رینجرز کے اہلکار تعینات کردیئے ہیں۔
وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد دونوں غیر ملکی کرکٹ ٹیموں کی سیکیورٹی کیلئے فوج اور رینجرز کی تعیناتی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے،نوٹیفکیشن کے مطابق فوج اور رینجرز اہلکاروں کو غیر ملکی ٹیموں کی سیکیورٹی اور پروٹیکشن ڈیوٹی پر مامور کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق فوج اور رینجرز کی تعیناتی محکمہ داخلہ پنجاب اور چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے کی گئی درخواست پر عمل میں لائی گئی ہے،دونوں ٹیموں کے دورہ پاکستان کے دوران اہم مقامات، ٹیموں کی نقل و حرکت اور دیگر سیکیورٹی امور کو مدنظر رکھتے ہوئے اضافی سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فوج کی تعیناتی آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت کی گئی ہے، جبکہ رینجرز اہلکاروں کو انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کے تحت سیکیورٹی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں،حکومت کی جانب سے غیر ملکی کرکٹ ٹیموں کی سیکیورٹی کیلئے اضافی فورسز کی تعیناتی کا مقصد دورہ پاکستان کے دوران کھلاڑیوں اور آفیشلز کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔
سری لنکا اور انگلینڈ کی ٹیموں کی آمد کے موقع پر متعلقہ اداروں کے درمیان سیکیورٹی انتظامات کو مربوط رکھنے اور ٹیموں کی محفوظ نقل و حرکت کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے گئے ہیں۔