گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں دہشتگردی کے واقعات کے باعث آئی جی اور چیف سیکرٹری کو طلب کیا گیا تھا، اگر صوبائی حکومت کو اس اقدام پر اعتراض ہے تو وہ آج ہی عدالت سے رجوع کرے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں دہشتگردی ہورہی ہے لیکن خیبر پختونخوا حکومت نے سیاسی سرگرمیوں کو ترجیح بنا رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی انہیں سیاسی طور پر چیلنج کرنا چاہتے ہیں تو وہ سامنے آئیں اور اپنی بات ثابت کریں،گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ حکومتی نمائندے شہداء کے جنازوں میں شرکت نہیں کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی کے منتخب نمائندے اٹھائے جارہے ہیں تو وزیراعلیٰ کو اس معاملے پر واضح مؤقف اختیار کرنا چاہیے اور استعفیٰ دینا چاہیے۔
فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور صوبائی وزراء کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ وہ دہشتگردوں کے خلاف بیان دے کر دکھائیں،انہوں نے سوال اٹھایا کہ صوبے میں دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں کے معاملے پر صوبائی حکومت کا واضح مؤقف سامنے کیوں نہیں آتا۔
گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ صدر اور وزیراعظم جب بھی کوئی فیصلہ کریں گے، وہ اس پر عمل کریں گے،انہوں نے واضح کیا کہ وفاقی قیادت کی جانب سے جو بھی آئینی اور انتظامی فیصلہ کیا جائے گا، وہ اس کے مطابق اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔
فیصل کریم کنڈی نے پی ٹی آئی کو براہ راست چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت اپنا لانگ مارچ صوابی کے راستے سے گزار کر دکھائے،گورنر نے کہا کہ صوبے میں دہشتگردی کے موجودہ حالات میں سیاسی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ امن و امان اور انتظامی معاملات پر بھی توجہ دینا ضروری ہے۔