بحرین کے وزیر خارجہ عبداللطیف بن راشد الزیانی دو روزہ دورے پر بدھ کو اسلام آباد پہنچ گئے، جہاں وہ پاکستان بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن کے تیسرے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق بحرینی وزیر خارجہ کا ایئرپورٹ پر سیکریٹری اقتصادی امور ڈویژن محمد ہمایوں کریم اور مشرق وسطیٰ کے لیے ایڈیشنل سیکریٹری زاہد حسین نے استقبال کیا۔
عبداللطیف بن راشد الزیانی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔
دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ تجارت، سرمایہ کاری، اقتصادی امور، دفاع و سکیورٹی، محنت و افرادی قوت اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
پاکستان اور بحرین کے نمائندے علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت سمیت کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کے حوالے سے بھی خیالات کا تبادلہ کریں گے۔
اسحاق ڈار اور عبداللطیف بن راشد الزیانی کی گزشتہ ملاقات ستمبر میں نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ہوئی تھی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
پاکستان بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن کا گزشتہ اجلاس جولائی 2021 میں منامہ میں ہوا تھا، جس کے دوران پاکستان اور بحرین نے کاروباری تعلقات کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے تھے۔