زمین کی تاریخ کا ایک انتہائی اہم اور غیر معمولی موسمیاتی دورجو تقریباً 23 کروڑ سال جسے کارنین پلوویئل دور کہا جا تا ہے لیٹ ٹرایاسک زمانے میں پیش آیا تھا۔اس دوران زمین کے بڑے حصوں میں اچانک شدید اور مسلسل بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا جو لاکھوں سال تک جاری رہا۔
ماہرین کے مطابق یہ واقعہ لیٹ ٹرایاسک دور میں پیش آیا، جب زمین کا موسم اچانک خشک اور گرم ماحول سے بدل کر انتہائی مرطوب اور بارانی نظام میں تبدیل ہوگیا۔ اس غیر معمولی بارش نے دنیا بھر کے ماحولیاتی نظام کو مکمل طور پر بدل کر رکھ دیا۔
مسلسل بارشوں کے باعث زمین کے براعظموں پر نئے دریا، جھیلیں اور گیلی زمینیں تشکیل پائیں، جبکہ پرانے ماحولیاتی ڈھانچے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئے۔ اس تبدیلی نے مختلف انواع کی زندگی کو براہِ راست متاثر کیا اور ارتقائی عمل کو تیز کر دیا۔
سائنسدانوں کے مطابق اسی دور میں ابتدائی ڈایناسورز اور دیگر کئی قدیم جانداروں کو پھیلنے اور ترقی کرنے کا نادر موقع ملا۔ بدلتے ہوئے ماحول نے نئی نسلوں کے ارتقا کے لیے سازگار حالات پیدا کیے، جس کے نتیجے میں زمین پر حیاتیاتی تنوع میں نمایاں اضافہ ہوا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ اس بات کی اہم مثال ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کس طرح زمین پر زندگی کے ارتقا کو مکمل طور پر بدل سکتی ہے۔