وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کے لیے شروع کی گئی وزیراعظم اپنا گھر اسکیم پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کر دی،وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر اپنا گھر اسکیم پر پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عام آدمی کو چھت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے،انہوں نے کہا کہ ملک کے غریب اور متوسط طبقے کو اپنی چھت کے حصول کے لیے وزیراعظم اپنا گھر اسکیم شروع کی گئی ہے، اس منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے۔
بینکوں کو فنانسنگ بڑھانے کی ہدایت
وزیراعظم نے کہا کہ سرکاری اور نجی بینک اپنا گھر اسکیم کو کامیاب بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ فنانسنگ کریں،انہوں نے ہدایت کی کہ اسکیم کے لیے عمودی اور افقی ماڈل ہاؤسنگ منصوبوں کی حکمت عملی ترتیب دی جائے۔
204 ارب روپے کی منظوری
اجلاس کو اسکیم کی فنانسنگ میں پیش رفت پر بریفنگ دی گئی،بریفنگ میں بتایا گیا کہ اپنا گھر اسکیم کے لیے بینک اب تک 204 ارب روپے منظور کر چکے ہیں، جبکہ 27 ارب روپے کی فنانسنگ کی جا چکی ہے۔
ہفتہ وار جائزہ جاری
اجلاس میں بتایا گیا کہ وزارت ہاؤسنگ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان اپنا گھر اسکیم پر پیش رفت کا ہر ہفتے جائزہ لے رہے ہیں،اجلاس میں وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس ریاض حسین، وزیر مملکت خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔