وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہونے والی طوفانی بارش نے معمولات زندگی متاثر کر دیے۔ شدید بارش کے باعث اسلام آباد کے مختلف نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جبکہ متعدد سیکٹرز میں بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
آندھی سے سپورٹس کمپلیکس کا اسٹیج گر گیا
اسلام آباد میں تیز آندھی کے باعث سپورٹس کمپلیکس میں موجود کنسرٹ کا اسٹیج گر گیا۔ دوسری جانب ایف ٹین میں درخت گرنے سے متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا، جس کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں :بارشوں کے بعد اچانک گرمی ،اب موسم کیسا رہے گا، نئی پیشگوئی آ گئی
بارش اور تیز ہواؤں کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے آمدورفت بھی متاثر ہوئی۔
ہری پور میں درخت گرنے سے دو افراد زخمی
ہری پور میں بھی تیز آندھی کے ساتھ بارش ہوئی۔ پنیاں کے علاقے میں درخت گرنے کے باعث دو افراد زخمی ہوگئے۔ بارش کے بعد مختلف سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
پشاور میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا
پشاور میں بارش کے بعد شدید گرمی کی شدت میں کمی آگئی۔ بارش نے موسم کو خوشگوار بنایا اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
ادھر بٹ خیلہ میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش ہوئی، جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ بارش اور خراب موسم کے باعث بجلی کا ترسیلی نظام بھی متاثر ہوا۔
صوابی میں موسلادھار بارش
صوابی میں بھی موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے نتیجے میں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں :بارش کب ہوگی؟ پہلے سے 5 گنا زیادہ درست پیشگوئی کرنے والا گوگل کا نیا’ویدر نیکسٹ 3‘ متعارف


