بالی وڈ کے معروف اداکار ارجن رامپال نے اپنی دیرینہ ساتھی اور ماڈل و فیشن ڈیزائنر گیبریلا ڈییمیٹریڈس سے شادی کرکے مداحوں کو حیران کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ارجن رامپال اور گیبریلا ڈییمیٹریڈس نے بھارتی ریاست گوا میں اپنی شادی کی قانونی رجسٹریشن مکمل کرلی، جس کے بعد دونوں باضابطہ طور پر میاں بیوی بن گئے۔ ارجن رامپال اور گیبریلا 2018 سے ایک ساتھ ہیں۔ دونوں نے گزشتہ برسوں کے دوران اپنی زندگی میں کئی اہم مراحل طے کیے اور اب دو بیٹوں کے والدین بھی ہیں۔
ان کا بڑا بیٹا ارک 2019 میں پیدا ہوا، جبکہ چھوٹے بیٹے آراو کی پیدائش 2023 میں ہوئی۔ جوڑا اکثر سوشل میڈیا پر بچوں کے ساتھ اپنی تصاویر بھی شیئر کرتا ہے۔ گیبریلا ڈییمیٹریڈس کا تعلق جنوبی افریقہ سے ہے اور وہ ماڈلنگ کے ساتھ فیشن ڈیزائننگ کے شعبے سے بھی وابستہ ہیں۔ وہ ماضی میں اپنے کیریئر اور گھریلو ذمہ داریوں کے درمیان توازن کے حوالے سے بھی گفتگو کرچکی ہیں۔
ارجن رامپال کی جانب سے منگنی کی تصدیق کے بعد اب دونوں کی شادی کی قانونی رجسٹریشن کی خبر سامنے آئی ہے، جسے جوڑے کی زندگی کا ایک اہم نیا باب قرار دیا جارہا ہے۔