امریکی ڈیموکریٹک سینیٹر کوری بُوکر نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے تنازعات کا حل جنگ اور بمباری نہیں بلکہ سفارتکاری اور مذاکرات ہیں۔ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے اہم کردار ادا کرنے کی پوزیشن میں ہے۔
پاکستان کے یوم آزادی کی مناسبت سے نیویارک میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر کوری بُوکر نے کہا کہ امریکا کو بموں کے بجائے سفارتکاری کی ضرورت ہے۔ دنیا کو جنگ کے بجائے مکالمے کی طرف بڑھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کو ایسے رہنماؤں کی ضرورت ہے جو خلیج پیدا کرنے کے بجائے لوگوں اور قوموں کے درمیان پل کا کردار ادا کریں۔ پاکستان ایسی پوزیشن میں ہے کہ وہ پورے مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
فلسطینی اور ایرانی بچوں کی بھی توقیر ہونی چاہیے
سینیٹر کوری بُوکر نے انسانی بحران کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہر انسان کو اللہ نے پیدا کیا ہے۔ اس لیے صرف امریکی بچوں ہی نہیں بلکہ فلسطینی اور ایرانی بچوں کی بھی قدر و توقیر ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جب انسانی المیہ جنم لے رہا ہو تو کسی کو خاموش نہیں رہنا چاہیے۔ وہ فلسطین اور ایران سمیت مختلف ممالک میں منصفانہ امن کے لیے اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔
پاک امریکا تعلقات پر بھی اظہار خیال
پاک امریکا تعلقات کے حوالے سے سینیٹر کوری بُوکر نے کہا کہ امریکا اور پاکستان کی دوستی قیام پاکستان کے وقت سے قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے حکومتی اور تجارتی تعلقات میں مختلف ادوار میں اتار چڑھاؤ ضرور آیا لیکن دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستی کا رشتہ ہمیشہ مضبوط رہا ہے۔
انہوں نے امریکا میں پاکستانی نژاد امریکی شہریوں کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ طب، انجینئرنگ، عوامی خدمت اور کاروبار سمیت مختلف شعبوں میں پاکستانی نژاد امریکی نمایاں کردار ادا کررہے ہیں اور امریکا کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔
پاکستانی امریکیوں کی مضبوط آواز ضروری ہے
سینیٹر کوری بُوکر نے کہا کہ امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی کی کوشش رہی ہے کہ لوگوں کے درمیان موجود فاصلے کم کیے جائیں اور پاکستانی امریکیوں کو مقامی سطح پر ان کا جائز مقام حاصل ہو۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی امریکیوں کی طاقت دراصل امریکا کی طاقت ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستانی امریکی کمیونٹی کی ایک مضبوط اور مؤثر آواز ہو۔
پاکستانی امریکی کمیونٹی کے کردار کو سراہا گیا
تقریب سے امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر اعجاز احمد نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش رہی ہے کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات کو مزید بہتر بنایا جائے اور دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا میں پاکستانی کمیونٹی کو مختلف شعبوں میں آگے بڑھنے اور اہم کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنا بھی ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اس سلسلے میں سینیٹر کوری بُوکر نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔
ڈاکٹر اعجاز احمد نے امریکا کے پہلے وفاقی مسلم جج زاہد قریشی کی تقرری میں اہم کردار ادا کرنے پر بھی سینیٹر کوری بُوکر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی نے زاہد قریشی کی میرٹ پر تقرری کی وکالت کی تھی جبکہ سینیٹر کوری بُوکر نے ان کی تقرری میں کردار ادا کرکے امریکی مسلمانوں کو یہ پیغام دیا کہ کسی شخص کا نام یا مذہب اعلیٰ عہدہ حاصل کرنے میں رکاوٹ نہیں بن سکتا۔