ویکسینیشن کے بغیرعمرے پر جانے کی تاریخ میں توسیع کردی گئی

ویکسینیشن کے بغیرعمرے پر جانے کی تاریخ میں توسیع کردی گئی

عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب جانے والے پاکستانی زائرین کو فوری طور پر ویکسینیشن کارڈ کی نئی شرط پوری کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی ، ویکسینیشن کے بغیر عمرہ زائرین کے سعودی عرب سفر کی مہلت میں توسیع کردی ہے، جس سے ہزاروں مسافروں کو عارضی ریلیف مل گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق فوکل پرسن کا بتانا ہے کہ عمرہ زائرین اب 25 ستمبر تک بغیر ویکسینیشن کے سعودی عرب جا سکیں گے۔

بارڈر ہیلتھ سروس  ذرائع کے مطابق نادرا انٹیگریٹڈ ویکسینیشن کارڈ کے نفاذ کی تاریخ بھی 25 ستمبر صبح 10 بجے تک بڑھا دی ہے۔

اس حوالے سے ویکسینیشن کارڈ کے نفاذ میں توسیع کا باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

نادرا ویکسینیشن کارڈ کا نفاذ کیوں مؤخر ہوا؟

ذرائع بارڈر ہیلتھ سروس کے مطابق پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے نادرا انٹیگریٹڈ ویکسینیشن کارڈ کے نفاذ کیلئے مطلوبہ اقدامات مکمل نہیں کیے تھے۔

حکام نے ویکسینیشن کے انتظام کیلئے پی اے اے سے جناح ٹرمینل پر تین کمرے فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا تاہم کراچی ایئرپورٹ پر ہزاروں مسافروں کیلئے صرف ایک ویکسینیشن سینٹر قائم کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں :3 ماہ میں عمرہ زائرین کا نیا ریکارٖٖڈ ، سعودی عرب سے اعداد و شمار آگئے

ایسے میں اگر بڑی تعداد میں مسافروں کو سفر سے قبل ایئرپورٹ پر ہی ویکسین لگوانا پڑتی تو رش اور طویل قطاروں کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا۔ اسی صورتحال کے پیش نظر ویکسینیشن کارڈ کے نئے نظام کے نفاذ میں توسیع کی گئی۔

نادرا کا اعلان

ایئرپورٹ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ، بارڈر ہیلتھ سروسز پاکستان نے 12 ستمبر کو اعلان کیا تھا کہ پاکستان سے عمرہ کے لیے روانہ ہونے والوں کے لیے بین الاقوامی سفر کے دوران نادرا سے مربوط ڈیجیٹل ویکسینیشن ثبوت ساتھ رکھنا لازمی ہوگا۔

ایئرپورٹ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے 7 ستمبر 2026 کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ شرط پولیو، میننجائٹس، زرد بخار اور انفلوئنزا کی ویکسینیشن پر لاگو ہے۔

یکم اکتوبر تک مہلت دینے کا مطالبہ

دوسری جانب  ایئرلائنز آپریٹرز کمیٹی (AOC) نے حج اور عمرہ زائرین کیلئے مینول ویکسینیشن کارڈ کے استعمال کی موجودہ سہولت ختم کرنے کی تاریخ مزید آگے بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے ۔

کمیٹی نے تجویز دی تھی کہ ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ کے اجرا اور نئے طریقہ کار کو یکم اکتوبر تک مؤخر کیا جائے۔

کمیٹی کے مطابق نئے نظام کو اچانک نافذ کرنے کے بجائے مرحلہ وار عمل درآمد زیادہ بہتر رہے گا، تاکہ عمرہ زائرین سمیت دیگر بین الاقوامی مسافروں کو ایئرپورٹس پر غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

عمرہ زائرین کیلئے فی الحال کیا صورتحال ہے؟

موجودہ توسیع کے بعد عمرہ زائرین کو 25 ستمبر صبح 10 بجے تک ویکسینیشن کارڈ کے نئے نفاذ سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ تاہم، نئے ڈیجیٹل نظام کی مکمل صورتِ حال اور آئندہ کی حتمی تاریخ متعلقہ اداروں کی مزید ہدایات کے بعد واضح ہوگی۔

اس دوران ایئرلائنز آپریٹرز کمیٹی کی جانب سے یکم اکتوبر تک مہلت دینے کا مطالبہ بھی اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ اس مطالبے کا مقصد مسافروں کیلئے آسان اور منظم سفری نظام یقینی بنانا ہے۔

editor

Related Articles