9 مئی دہرایا تو آہنی ہاتھ سے نمٹیں گے! شرپسندوں کے خلاف فیصلہ کن طاقت استعمال کرنے کا اعلان

9 مئی دہرایا تو آہنی ہاتھ سے نمٹیں گے! شرپسندوں کے خلاف فیصلہ کن طاقت استعمال کرنے کا اعلان

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 277ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں ملک کی سیکیورٹی صورتحال، دہشتگردی کے خلاف جاری کارروائیوں، داخلی استحکام اور دفاعی صلاحیتوں سمیت مختلف امور پر غور کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے آغاز پر مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء اور معصوم شہریوں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ کانفرنس کے شرکاء نے شہداء کی بے مثال قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء نے قرار دیا کہ افغانستان سے ہونے والی دہشتگردی کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں پاکستان کا دفاعی حق ہیں۔ شرکاء نے کہا کہ ہندوستان کے آلہ کار کے طور پر دہشتگردی کے سنگین نتائج کی ذمہ دار صرف اور صرف طالبان کی مخبوط الحواس قیادت ہے۔

فورم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے تسلسل کے ساتھ کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ جاری انسدادِ دہشتگردی کی کارروائیوں کو سراہا۔ کانفرنس کے شرکاء نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے زمینی کارروائیوں کے ساتھ بہترین انتظامی اور گورننس کے اقدامات بھی ناگزیر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دہشتگردی کیخلاف سیکیورٹی فورسز پرعزم : خیبرپختونخوا و بلوچستان میں مؤثر کارروائیاں ، ٹھکانے تباہ ، متعدد دہشتگرد ہلاک

فورم کے مطابق دہشتگردی کے خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ گورننس کو بنیادی سطح پر عوام کے قریب ترین لایا جائے۔ عوام کے ساتھ دہشتگردی کی وجوہات اور عوامل پر موثر رابطہ کاری اور بیانیے پر بھی کام کرنا ضروری ہے۔

کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے مخصوص عناصر کے زیر سایہ چلنے والے کرائم، ٹیرر گٹھ جوڑ کو توڑنا ضروری ہے، جبکہ پولیس کی استعدادِ کار میں بھی اضافہ کرنا ہوگا۔

فورم نے قرار دیا کہ پاکستان کے لیے داخلی استحکام انتہائی اہم ہے۔ کانفرنس میں واضح کیا گیا کہ کسی بھی جواز پر پُرتشدد انتشار یا 9 مئی جیسے حالات پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش کو فیصلہ کن طاقت اور قانون کے ساتھ بلاامتیاز اور بلاجھجھک نمٹا جائے گا۔

کانفرنس کے شرکاء نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا بھرپور خیرمقدم کیا اور اسے دیرینہ اسٹریٹجک تعلقات اور مشترکہ دفاعی تعاون کے فروغ میں اہم قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’آپریشن غضبِ للحق‘ کا آغاز، افغانستان میں 2 مقامات پر دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر ٹارگٹڈ حملے، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے 22 دہشتگرد ہلاک

کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء نے سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت اور اظہار برہمی کیا۔ شرکاء نے سعودی عرب کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے حرمین شریفین کے تحفظ اور تقدس کے لیے پاکستان کے عزم کا بھرپور اعادہ کیا۔

کانفرنس میں مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے پر بھی زور دیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو مزید مضبوط کرنے کے عمل کو جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ فارمیشنز جدید ٹیکنالوجی کے حصول، ٹریننگ اور تمام جنگی جہتوں کے انضمام کے ذریعے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ جاری رکھیں۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

Related Articles