سیکیورٹی فورسز کی آپریشن ردالفتنہ 3 اور عزم استحکام وژن کے تحت بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردوں کیلئے زمین تنگ کردی ، بلوچستان میں ہونیوالے آپریشن میں 6 دہشتگرد جہنم واصل کردیے گئے جبکہ خیبرپختونخوا میں بھی دہشتگردوں کی ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں ۔
کچھی میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی،6دہشت گرد ہلاک
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع کچھی کےعلاقے سنی میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی گئی جس میں 6دہشت گرد مارے گئے، فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کو کواڈ کاپٹرز کے ذریعے کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔
ہلاک دہشت گردوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، علاقےمیں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمہ کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
خیبرپختونخوا میں کارروائی ، خوارج کے متعدد ٹھکانے تباہ
دوسری طرف خیبرپختونخوا کےعلاقے شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی جس میں خوارج کے متعدد ٹھکانے تباہ کر دیئے گئے۔
سیکیورٹی فورسز کےآپریشن کے دوران خوارج کے ٹھکانے اور سرنگیں تباہ کی گئیں جبکہ بڑی مقدار میں بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔
آپریشن کے دوران متعدد دہشت گردوں کے جہنم واصل ہونے کی بھی اطلاعات ہیں ، سرچ آپریشن کے دوران دھماکہ خیزمواد برآمد کر کے بم ڈسپوزل سکواڈ کی مدد سے ناکارہ کر دیا گیا۔
دہشتگردی کے مکمل خاتمے کا عزم
سیکیورٹی فورسز عزم استحکام وژن کے تحت ملک بھر سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔