بالی ووڈ انڈسٹری کے معروف سینئر اداکار نانا پاٹیکر 75 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نانا پاٹیکر کوآج صبح بے ہوشی کی حالت میں گوا کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ نانا پاٹیکر کو گوا میں واقع اپنے فلیٹ میں شدید سینے میں درد کی شکایت سامنے آئی تھی جس کے بعد انہیں طبی عملے نے ایمرجنسی میں ہسپتال منتقل کیا۔
نانا پاٹیکر کے بیٹے ملہار پاٹیکر کا کہنا ہے کہ اداکار کو شدید سینے میں درد کی شکایت پر میڈیکل ٹیم کو ان کے فلیٹ پر بھیجا گیا تھا، اس وقت تک وہ بے ہوش تھے،
بعد ازاں انہیں فوراً اسپتال منتقل کیا گیا ،جہاں ڈاکٹروں نے صبح 5 بج کر 20 منٹ پر ان کی موت کی تصدیق کردی ۔
نانا پاٹیکر کا اصل نام وشواناتھ پاٹیکر تھا، انہوں نے ہندی اور مراٹھی سنیما میں یادگار کام کیا ہے، اس دوران انھوں نے 3 نیشنل فلم ایوارڈز، 4 فلم فیئر ایوارڈز، 2 مہاراشٹر اسٹیٹ فلم ایوارڈز حاصل کیے۔
انہیں ہندوستانی سنیما کے بااثر ترین اداکاروں میں سے ایک سمجھا جاتا تھا اور انھیں سنیما اور فنون کے شعبے میں خدمات کے اعتراف میں 2013 میں ’پدم شری‘ سے نوازا گیا تھا۔
انھوں نے 1978 میں ڈراما فلم ’گمن‘ سے بالی ووڈ میں قدم رکھا اور اس کے بعد کئی مراٹھی اور ہندی فلموں میں اداکاری کی، 1988 میں اکیڈمی ایوارڈ کے لیے نامزد ہونے والی فلم ’سلام بمبئی!‘ میں کام کرنے کے بعد پاٹیکر نے کرائم ڈراما ’پرندہ‘ (1989) میں اپنی اداکاری کے لیے بہترین معاون اداکار کا نیشنل فلم ایوارڈ اور فلم فیئر ایوارڈ جیتا۔
نانا پاٹیکر نے فلم ’انگار‘ (1992) کے لیے پہلی بار بہترین ولن کا فلم فیئر ایوارڈ جیتا، اور پھر ’اپہرن‘ نے انھیں بہترین ولن کا دوسرا فلم فیئر ایوارڈ دلایا۔