پاک بھارت میچ کے لیے ٹکٹوں کی ریکارڈ ڈیمانڈ، شائقین بے تاب

پاک بھارت میچ کے لیے ٹکٹوں کی ریکارڈ ڈیمانڈ، شائقین بے تاب

کرکٹ ورلڈکپ 2027 کے لیے ٹکٹوں کی فروخت سے پہلے ہی شائقین کا جوش عروج پر پہنچ گیا ہے، خاص طور پر پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ نے سب سے زیادہ توجہ حاصل کرلی ہے۔

جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں ہونے والے ورلڈکپ کے مختلف میچز کے لیے ٹکٹ بیلٹ کے آغاز کے چند ہی دنوں میں 10 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔

مجموعی طور پر ورلڈکپ کے میچز کے لیے 11 لاکھ سے زیادہ ٹکٹ درخواستیں جمع کرائی جاچکی ہیں، تاہم سب سے زیادہ دلچسپی پاکستان اور بھارت کے مقابلے میں نظر آرہی ہے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان شیڈول میچ کے لیے اب تک ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد ٹکٹ درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، جس سے اس مقابلے کی غیر معمولی مقبولیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔جنوبی افریقا اور بھارت کے میچ کے لیے 92 ہزار سے زائد جبکہ بھارت اور آسٹریلیا کے مقابلے کے لیے 86 ہزار سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ایشین گیمز کے بعد پاکستانی خواتین کرکٹرز کی ایک اور بڑی کامیابی مل گئی

پاکستان اور بھارت کے درمیان 7 نومبر کو ہونے والے میچ کے لیے تقریباً 78 ہزار درخواستیں جمع ہونے کی اطلاعات بھی ہیں، جبکہ 21 نومبر کو شیڈول ورلڈکپ فائنل کے لیے تقریباً 69 ہزار درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا کے مطابق ٹکٹ بیلٹ کھلنے کے صرف 48 گھنٹوں سے زائد وقت میں 10 لاکھ درخواستیں موصول ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ کرکٹ ورلڈکپ کی عالمی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کے بڑے ٹورنامنٹس اب صرف کھیلوں کے مقابلے نہیں رہے بلکہ مختلف ممالک اور ثقافتوں کے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے والے عالمی ایونٹس بن چکے ہیں۔

ورلڈکپ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیف ایگزیکٹو قونڈیسا نگونیا نے بھی ٹکٹوں کی غیر معمولی مانگ پر خوشی کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق دنیا بھر کے شائقین کی بڑی تعداد کا ٹکٹوں کے لیے درخواست دینا اس ٹورنامنٹ میں لوگوں کی غیر معمولی دلچسپی کو ظاہر کرتا ہے۔

ٹکٹ بیلٹ میں رجسٹریشن 21 نومبر کو رات 11 بج کر 59 منٹ، سینٹرل افریقن ٹائم تک جاری رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں:ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد عالمی فٹبالر میسی کا یوٹرن

شائقین کے لیے ٹکٹ بیلٹ میں رجسٹریشن مکمل طور پر مفت ہے اور درخواست دیتے وقت کوئی رقم ادا نہیں کرنا ہوگی۔ ہر شخص ہر میچ کے لیے ایک درخواست دے سکتا ہے اور ایک سے زیادہ میچز کے لیے بھی درخواست دینا ممکن ہے۔

ٹکٹوں کی تقسیم پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر نہیں ہوگی۔ اس لیے رجسٹریشن کے آغاز میں درخواست دینے یا بعد میں درخواست جمع کرانے سے کامیابی کے امکانات پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

اگر کسی میچ کے لیے دستیاب ٹکٹوں سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں تو کامیاب شائقین کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔ کامیاب اور ناکام درخواست گزاروں کو رجسٹریشن کے دوران فراہم کیے گئے ای میل ایڈریس پر نتیجے سے آگاہ کیا جائے گا۔

editor

Related Articles