سربیا کے ٹینس لیجنڈ نوواک جوکووچ نے چین اوپن کا ٹائٹل جیت کر اپنے شاندار کیریئر کی 102ویں سنگلز ٹرافی حاصل کر لی ہے۔
بیجنگ میں کھیلے گئے فائنل میں آسٹریلیا کے ایلکس ڈی میناؤر انجری کے باعث میچ مکمل نہ کر سکے اور جوکووچ فاتح قرار پائے۔
39 سالہ سربین اسٹار نے پہلا سیٹ سخت مقابلے کے بعد ٹائی بریک پر 7-6 (7-3) سے اپنے نام کیا ، دوسرے سیٹ کے آغاز میں ڈی میناؤر ایک گیم ہی جیت پائے، جس کے بعد وہ انجری کی وجہ سے مقابلہ جاری نہ رکھ سکے۔
ریکارڈز کی نئی داستان
اس جیت کے ساتھ جوکووچ نے مسلسل 21ویں سال کم از کم ایک سنگلز ٹائٹل جیتنے کا منفرد اعزاز برقرار رکھا ہے۔
سنگلز ٹائٹلز کی فہرست میں اب ان سے آگے صرف جمی کونرز (109) اور راجر فیڈرر (103) ہیں۔ ، چین اوپن میں بھی جوکووچ کا راج برقرار ہے ، یہ ان کی ٹورنامنٹ میں مسلسل 34ویں فتح اور ساتویں ٹرافی ہے۔
“مشکل سال میں بڑی کامیابی”
فتح کے بعد جوکووچ نے کہا کہ رواں سال جسمانی اور صحت کے مسائل کی وجہ سے ان کے لیے خاصا مشکل ثابت ہوا ، ان کا کہنا تھا کہ بیجنگ کی کامیابی نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ اب بھی دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کے مقابل کھڑے ہو سکتے ہیں۔
ٹاپ 10 میں واپسی
اس کامیابی کے بعد جوکووچ ایک بار پھر عالمی رینکنگ کے ٹاپ 10 میں شامل ہو جائیں گے۔