آزاد کشمیر انتخابات: میرپور ڈویژن کے 10 حلقوں کے نتائج مکمل ، ن لیگ 6 اور پیپلز پارٹی 4 نشستیں جیت گئی

آزاد کشمیر انتخابات: میرپور ڈویژن کے 10 حلقوں کے نتائج مکمل ، ن لیگ 6 اور پیپلز پارٹی 4 نشستیں جیت گئی

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے کے بعد میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں میں سے 10 حلقوں کے مکمل نتائج سامنے آ گئے ۔ غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے 6 جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے 4 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے تین حلقوں کے سرکاری نتائج کا بھی اعلان کر دیا ہے۔

غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا جبکہ کئی اہم سیاسی شخصیات کو غیر متوقع شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پیپلز پارٹی کے جاوید اقبال بڈھانوی اور محمد ولید انقلابی اپنی نشستیں نہ بچا سکے  جبکہ سابق وزیراعظم چوہدری انوار الحق بھی انتخاب ہار گئے۔

ایل اے 1 ڈڈیال (میرپور)

حلقہ ایل اے 1 ڈڈیال کے تمام 193 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج مکمل ہو گئے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے چوہدری اظہر صادق 15 ہزار 427 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری افسر شاہد 9 ہزار 832 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے اس حلقے کا پہلا سرکاری نتیجہ جاری کرتے ہوئے چوہدری اظہر صادق کی کامیابی کا اعلان کیا۔

ایل اے 2 چکسواری / اسلام گڑھ (میرپور)

حلقہ ایل اے 2 کے تمام 149 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج مکمل ہو گئے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے قاسم مجید 12 ہزار 904 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے عظیم بخش چوہدری 8 ہزار 182 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔آزاد امیدوار چوہدری ظفر انور ایک ہزار 40 ووٹ حاصل کر سکے۔

ایل اے 3 میرپور سٹی

حلقہ ایل اے 3 میرپور سٹی کے تمام 161 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج مکمل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے بھی سرکاری نتیجہ جاری کر دیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے یاسر سلطان 12 ہزار 590 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد سعید 11 ہزار 81 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

اس کامیابی کے ساتھ سابق صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود مرحوم کے صاحبزادے یاسر سلطان اپنی نشست برقرار رکھنے میں کامیاب رہے حالانکہ اسی حلقے میں سابق وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کے صاحبزادے چوہدری معیز مجید بھی انتخابی میدان میں موجود تھے۔

ایل اے 4 کھڑی شریف (میرپور)

حلقہ ایل اے 4 کھڑی شریف کے تمام 162 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے چوہدری رخسار احمد 20 ہزار 172 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری صہیب ارشد 13 ہزار 865 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

چوہدری صہیب ارشد سابق وزیر حکومت چوہدری ارشد کے فرزند اور یاسر سلطان کے کزن ہیں، یوں بیرسٹر سلطان خاندان کو اس نشست پر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ایل اے 5 برنالہ (بھمبر)

حلقہ ایل اے 5 برنالہ کے 176 میں سے 107 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج موصول ہوئے ہیں۔

غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے کرنل (ر) وقار احمد نور 19 ہزار 592 ووٹ لے کر برتری حاصل کیے ہوئے ہیں، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری پرویز اشرف 16 ہزار 335 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

ایل اے 6 سماہنی (بھمبر)

غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد رزاق 23 ہزار 923 ووٹ لے کر آگے ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں :آزاد کشمیر انتخابات، میرپور ڈویژن میں دنگل سج گیا، 296 امیدوار مد مقابل، پولنگ جاری

آئی پی پی کے علی شان سونی 12 ہزار 492 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔ علی شان سونی گزشتہ تین انتخابات مسلسل جیتنے میں کامیاب رہے تھے۔

ایل اے 7 بھمبر

حلقہ ایل اے 7 کے تمام 237 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج مکمل ہو گئے۔

مسلم لیگ (ن) کے چوہدری طارق فاروق 35 ہزار 490 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، جبکہ سابق وزیراعظم چوہدری انوار الحق 25 ہزار 100 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

چوہدری انوار الحق گزشتہ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے تھے، بعد ازاں فارورڈ بلاک کا حصہ بننے کے بعد وزیراعظم بنے، جبکہ اس بار انہوں نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخاب لڑا۔

ایل اے 8 کوٹلی 1 راج محل

حلقہ ایل اے 8 راج محل کے تمام 155 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے ظفر اقبال ملک 19 ہزار 535 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے۔

مسلم لیگ (ن) کے ملک محمد نواز خان 11 ہزار 966 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

ایل اے 9 کوٹلی 2 نکیال

حلقہ ایل اے 9 نکیال کے مکمل غیر سرکاری نتائج کے مطابق بڑا اپ سیٹ سامنے آیا۔

مسلم لیگ (ن) کے عمیر نعیم 31 ہزار 37 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے جاوید اقبال بڈھانوی 28 ہزار 507 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔

واضح رہے کہ اس حلقے میں پولنگ کے دوران تصادم کے نتیجے میں پیپلز پارٹی کا ایک کارکن جاں بحق ہوا تھا، جس پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار پر الزام عائد کیا تھا۔

ایل اے 10 کوٹلی سٹی

حلقہ ایل اے 10 کوٹلی سٹی کے مکمل غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر چوہدری محمد یاسین 12 ہزار 421 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے۔

مسلم لیگ (ن) کے فاتح محمود الحسن 9 ہزار 63 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

اس حلقے میں گزشتہ روز دو پریذائیڈنگ افسران کی گرفتاری بھی موضوعِ بحث بنی، جس پر مسلم لیگ (ن) نے نتائج پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

ایل اے 11 کوٹلی 4 سہنسہ

حلقہ ایل اے 11 سہنسہ کے تمام 206 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج مکمل ہو گئے۔

مسلم لیگ (ن) کے راجہ محمد آصف 26 ہزار 190 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد اخلاق 21 ہزار 751 ووٹ حاصل کر سکے۔

چوہدری محمد اخلاق نے گزشتہ انتخابات میں مسلسل چھ بار کامیاب ہونے والے راجہ محمد نصیر خان مرحوم کو شکست دی تھی، تاہم اس بار راجہ نصیر خان کے بھتیجے راجہ محمد آصف کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

ایل اے 12 کوٹلی 5 چڑہوئی

حلقہ ایل اے 12 کے 207 میں سے 50 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج موصول ہوئے ہیں۔

ابتدائی نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد یاسین 9 ہزار 788 ووٹ لے کر پہلے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے راجہ ریاست 6 ہزار 788 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

ایل اے 13 کوٹلی 6 کھوئی رٹہ

حلقہ ایل اے 13 کھوئی رٹہ کے مکمل غیر سرکاری نتائج موصول ہو گئے ہیں۔

193 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 190 پر پولنگ ہوئی جبکہ 3 پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ نہ ہو سکی۔

مسلم لیگ (ن) کے راجہ ایاز احمد خان 21 ہزار 728 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ آئی پی پی کے انصر ابدالی 15 ہزار 648 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

 یہ بھی پڑھیں :آزاد کشمیر انتخابات: سرکاری ملازمین کے لیے ووٹ کاسٹنگ کا عمل کامیابی سے مکمل، 80 فیصد ٹرن آؤٹ ریکارڈ

پاکستان پیپلز پارٹی کے مضبوط امیدوار سمجھے جانے والے محمد ولید انقلابی 14 ہزار 386 ووٹ حاصل کر کے تیسرے نمبر پر رہے۔

یاد رہے کہ کھوئی رٹہ میں پیپلز پارٹی کے صدر چوہدری محمد یاسین نے 30 ہزار ووٹ لینے کا دعویٰ کیا تھا جبکہ سابق وزیر اطلاعات رفیق نیئر بھی ولید انقلابی کے حق میں دستبردار ہو گئے تھے جس کے باعث تجزیہ کار ان کی پوزیشن کو انتہائی مضبوط قرار دے رہے تھے  تاہم نتائج اس کے برعکس سامنے آئے۔

مجموعی صورتحال

میرپور ڈویژن کے اب تک سامنے آنے والے مکمل نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) 6 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 4 نشستیں اپنے نام کر چکی ہے۔ دوسری جانب ایل اے 5، ایل اے 6 اور ایل اے 12 سمیت چند حلقوں میں نتائج کا عمل تاحال جاری ہے، جن کے حتمی نتائج سامنے آنے کے بعد میرپور ڈویژن کی مکمل انتخابی تصویر واضح ہو جائے گی۔

editor

Related Articles