وفاقی حکومت نے سول ایوارڈز عطا کرنے کے موجودہ نظام اور طریقہ کار کا جامع جائزہ لینے کا فیصلہ کرلیا، وزیراعظم نے اس مقصد کے لیے 16 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔
کابینہ ڈویژن نے سول ایوارڈز کے طریقہ کار کا جائزہ لینے کے لیے قائم کمیٹی کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نامور قانون دان اور سابق بیوروکریٹ ناصر محمود کھوسہ کو کمیٹی کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ چیئرمین واپڈا کمیٹی کے شریک کنوینر ہوں گے۔ سیکرٹری کابینہ ڈویژن کمیٹی کے سیکرٹری کے فرائض انجام دیں گے۔
کمیٹی کے ارکان میں سیکرٹری پارلیمانی امور، سیکرٹری تجارت اور چیئرمین ایف بی آر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مشتاق احمد سکھیرا، چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز، آزاد کشمیر کے چیف سیکرٹری اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹری کو بھی کمیٹی کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔
وزارت دفاع کے نمائندے کے علاوہ سابق سفارت کار سائرس سجاد قاضی اور معروف فنکار جمال شاہ بھی کمیٹی کے ارکان میں شامل ہیں۔ کمیٹی سول ایوارڈز عطا کرنے کے موجودہ نظام اور طریقہ کار کا جائزہ لے گی۔