افغان طالبان کی کھلی جارحیت، فضائی دراندازی کی بزدلانہ کوشش ناکام،  8 افغان ڈرونز فضا ہی میں تباہ کر دیے گئے

افغان طالبان کی کھلی جارحیت، فضائی دراندازی کی بزدلانہ کوشش ناکام،  8 افغان ڈرونز فضا ہی میں تباہ کر دیے گئے

سیکیورٹی فورسز اور پاک فضائیہ کے مستعد ایئر ڈیفنس سسٹم نے پاکستانی حدود میں داخل ہونے والے افغان طالبان کے 8 ڈرونز کو مار گرا کر عوامی مقامات کو نشانہ بنانے کی بزدلانہ کوشش ناکام بنا دی ہے۔

آج صبح افغان طالبان رجیم کی جانب سے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 8 ڈرونز بھیجے گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افواجِ پاکستان اور پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کرتے ہوئے ان تمام ڈرونز کو فضا ہی میں تباہ کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں:افغان طالبان سے بھارت تک، فضل الرحمان کی پشت پناہی نے کئی سوال کھڑے کردیے

ان میں سے 4 ڈرونز کو طورخم بارڈر سے ملحقہ علاقوں میں گرایا گیا، جبکہ بقیہ 4 ڈرونز کو کوہاٹ سے متصل سرحدی پہاڑی علاقوں میں تباہ کیا گیا۔ اس کامیاب دفاعی کارروائی نے عوام کو کسی بھی ممکنہ بڑے نقصان سے محفوظ رکھا ہے۔

دہشتگردوں کی سرپرستی کا ایک اور ثبوت

سیکیورٹی ذرائع نے اس دراندازی کو افغان طالبان رجیم کی جانب سے دہشتگردوں کی براہ راست معاونت اور سرپرستی کا ایک اور واضح ثبوت قرار دیا ہے۔

ڈرونز کے ذریعے پاکستانی حدود میں دراندازی کی اس کوشش نے واضح کر دیا ہے کہ افغان سرزمین تاحال پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے۔

افواجِ پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ ملک اور عوام کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں اور کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

کرم سیکٹر میں افغان مورچوں کی تباہی

اس فضائی دراندازی کا براہ راست تعلق گزشتہ رات کے ان واقعات سے ہے جب کرم سیکٹر میں افغان طالبان کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کی گئی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، پاک فوج نے اس اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیتے ہوئے افغان طالبان کے متعدد مورچوں اور ٹھکانوں کو تباہ کر دیا تھا۔

یہ حالیہ ڈرون حملہ کرم سیکٹر میں ہونے والے بھاری نقصان کے بعد افغان رجیم کی اسی بوکھلاہٹ کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔

اشتعال انگیزی کے خطرناک نتائج اور ناقابلِ تسخیر دفاع

طالبان کی یہ بزدلانہ حرکت کے بعد صورتحال کو خطے کے امن کے لیے انتہائی خطرناک قرار دیا جا رہا ہے۔’افغان طالبان کی جانب سے ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال اور پاکستانی حدود میں دراندازی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ کابل انتظامیہ جان بوجھ کر حالات کو تصادم کی طرف دھکیل رہی ہے‘۔

مزید پڑھیں:این ڈی یو یونیورسٹی، افغان سفیر کی حرکت ثابت کرتی ہے کہ افغان طالبان دھوکہ دینے والا ایک گروہ ہے، ماہرین

پاک فضائیہ اور ایئر ڈیفنس سسٹم کی جانب سے 100 فیصد کامیابی کے ساتھ ڈرونز کو گرانا پاکستان کی جدید اور ناقابلِ تسخیر دفاعی صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اگر افغان رجیم نے اپنی سرزمین کو دہشتگردوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ بنائے رکھا اور ایسی جارحیت کا سلسلہ جاری رکھا، تو اس کے دوطرفہ تعلقات پر انتہائی تباہ کن سفارتی اور عسکری نتائج مرتب ہوں گے۔

Related Articles