پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 27 ستمبر کو اسلام آباد میں دھرنے اور لانگ مارچ کی کال کے پیش نظر پنجاب پولیس نے سیکیورٹی کے بڑے پیمانے پر انتظامات شروع کردیئے ہیں، اسلام آباد، راولپنڈی اور اٹک میں پنجاب پولیس کی مجموعی نفری 46 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار کردی گئی ہے۔
مختلف اضلاع اور پولیس یونٹس سے اضافی نفری اٹک، راولپنڈی اور اسلام آباد روانہ کردی گئی ہے، سیکیورٹی ڈیوٹی کے لیے پنجاب کانسٹیبلری، ضلعی پولیس، پنجاب ہائی وے پیٹرول، ایس پی یو اور ایلیٹ فورس سمیت مختلف یونٹس سے اہلکار لیے جا رہے ہیں۔
اٹک میں 30 ہزار اہلکار
سیکیورٹی پلان کے تحت اٹک میں تقریباً 30 ہزار افسران و اہلکار تعینات کیے جائیں گے، ان میں 8 ڈی آئی جیز اور 15 ایس ایس پیز بھی شامل ہوں گے۔
راولپنڈی میں 6 ہزار نفری
راولپنڈی میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تقریباً 6 ہزار پنجاب پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے، جبکہ اسلام آباد پولیس کو 10 سے 12 ہزار پنجاب پولیس اہلکار فراہم کیے جائیں گے۔
پولیس ذرائع کے مطابق اضافی نفری کی نقل و حرکت کے لیے تقریباً 9 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے گئے ہیں، سیکیورٹی ڈیوٹی کے لیے 11 ڈی آئی جیز اور 24 ایس ایس پیز سمیت افسران کی بڑی تعداد بھی اہلکاروں کے ہمراہ موجود ہوگی۔
آنسو گیس اور بکتر بند گاڑیاں
متعلقہ ریجنز کو ایک لاکھ آنسو گیس شیلز اور 3 ہزار آنسو گیس گنز فراہم کردی گئی ہیں، جبکہ 10 بکتر بند گاڑیاں بھی فراہم کی جا رہی ہیں،مزید 20 ہزار آنسو گیس شیلز آئندہ دو روز میں متعلقہ ریجنز کو فراہم کیے جائیں گے۔
اسلام آباد پولیس کی اضافی تیاری
اسلام آباد پولیس نے بھی لانگ مارچ کے پیش نظر سیکیورٹی انتظامات تیز کردیئے ہیں اور ضروری سامان کی فہرست تیار کرلی ہے،شہر کے داخلی راستوں کو بند کرنے کے لیے 210 کنٹینرز درکار ہیں، جبکہ پولیس نے 2 لاکھ سے زائد ریت کی بوریاں بھی منگوا لی ہیں۔ آنسو گیس کے ایک لاکھ 10 ہزار شیلز کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔
مزید گنز کا آرڈر
اسلام آباد پولیس کے پاس آنسو گیس شیل فائر کرنے والی 1300 گنز موجود ہیں جبکہ مزید 500 گنز کا آرڈر دیا گیا ہے،کنٹینرز لگانے اور ہٹانے کے لیے پولیس کے پاس 22 کرینز بھی موجود ہیں۔
ریڈ زون میں ہائی الرٹ
وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون اور ایکسٹینڈڈ ریڈ زون میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے جبکہ ریڈ زون جانے والے 3 راستے سیل کیے جاچکے ہیں۔
دیگر صوبوں سے بھی نفری پہنچ گئی
لانگ مارچ کے پیش نظر دوسرے صوبوں سے پولیس کی نفری بھی اسلام آباد پہنچ چکی ہے،پولیس حکام کے مطابق 27 ستمبر کی سیاسی کال کو مدنظر رکھتے ہوئے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دی جائے گی اور اہم مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔