پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے اعلان کے بعد اسلام آباد پولیس نے سیکیورٹی اور انتظامی تیاریاں تیز کردیں۔ وفاقی پولیس نے شہر کے داخلی راستے بند کرنے اور مظاہرین سے نمٹنے کے لیے ضروری سامان اور وسائل کی فہرست بھی تیار کرلی۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق شہر کے مختلف انٹری پوائنٹس بند کرنے کے لیے 210 کنٹینرز درکار ہوں گے، جبکہ 2 لاکھ سے زائد ریت کی بوریاں بھی منگوا لی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق لانگ مارچ کے پیش نظر 1 لاکھ 10 ہزار آنسو گیس شیل کا انتظام کرلیا گیا ہے۔
اسلام آباد پولیس کے پاس آنسو گیس شیل فائر کرنے والی 1300 گنز پہلے سے موجود ہیں، جبکہ مزید 500 گنز کا آرڈر بھی دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق کنٹینرز لگانے اور ہٹانے کے لیے اسلام آباد پولیس کے پاس 22 کرینیں بھی دستیاب ہیں، جنہیں شہر کے مختلف داخلی راستوں پر ضرورت کے مطابق استعمال کیا جائے گا۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق ریڈ زون اور ایکسٹینڈڈ ریڈ زون میں پہلے ہی سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، جبکہ ریڈ زون جانے والے 3 راستے سیل کردیئے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے پیش نظر سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کیے جا رہے ہیں۔
لانگ مارچ کے پیش نظر دوسرے صوبوں سے پولیس کی اضافی نفری بھی اسلام آباد پہنچ چکی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق شہر میں سیکیورٹی انتظامات اور داخلی راستوں کی نگرانی کے لیے اضافی نفری کو مختلف مقامات پر تعینات کیا جائے گا۔