وفاقی حکومت نے پنجاب میں فوج اور رینجرز کی تعیناتی کی درخواست منظور کرلی، ذرائع کے مطابق راولپنڈی، اٹک، جہلم اور میانوالی میں رینجرز کے دستے 5 اکتوبر 2026 تک تعینات رہیں گے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب میں سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر مختلف اضلاع میں رینجرز کی اضافی نفری تعینات کرنے کی درخواست کی گئی تھی، جسے وفاقی حکومت نے منظور کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں رینجرز کی 3 کمپنیوں کی تعیناتی کی درخواست کی گئی تھی، جبکہ اٹک میں رینجرز کے 5 ونگز تعینات کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔
اسی طرح جہلم اور میانوالی میں رینجرز کی ایک، ایک کمپنی تعینات ہوگی۔ ذرائع کے مطابق رینجرز کے دستے 5 اکتوبر 2026 تک مذکورہ اضلاع میں تعینات رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: چراٹ اور پبی میں پاکستان، روس اورعمان کی مشترکہ فوجی مشقیں شروع
ذرائع کے مطابق رینجرز کی تعیناتی آئین پاکستان کے آرٹیکل 245، انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کی دفعات 4 اور 5 اور پاکستان رینجرز آرڈیننس 1959 کی دفعات 7 (ب) اور 10 کے تحت کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ کو پنجاب پولیس کی درخواست پر سیکیورٹی میں معاونت کے لیے مراسلہ ارسال کیا گیا تھا۔
مراسلہ سیکرٹری داخلہ احمد جاوید قاضی کی جانب سے وفاقی وزارت داخلہ کو لکھا گیا تھا، جس میں سیکیورٹی کے لیے رینجرز کی تعیناتی کی درخواست کی گئی تھی۔
وفاقی حکومت کی جانب سے درخواست منظور کیے جانے کے بعد راولپنڈی، اٹک، جہلم اور میانوالی میں رینجرز کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی۔


