سعودی عرب میں پاکستانیوں کے لئے سوشل میڈیا کے استعمال سے متعلق اہم ہدایات جاری

سعودی عرب میں پاکستانیوں کے لئے سوشل میڈیا کے استعمال  سے متعلق اہم ہدایات جاری

سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہریوں کو سیاسی جماعتوں کی سرگرمیوں، مظاہروں اور سیاسی اجتماعات میں شرکت سے گریز کرنے جبکہ سوشل میڈیا کے استعمال میں احتیاط برتنے کی ہدایت کردی گئی۔

سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے مملکت میں مقیم پاکستانی شہریوں کے لیے اہم ہدایات جاری کی گئی ہیں، جن میں انہیں میزبان ملک کے قوانین اور ضوابط کی مکمل پابندی کرنے پر زور دیا گیا ہے۔

سفارتخانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ سعودی قوانین کے تحت سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونا ممنوع ہے، اس لیے پاکستانی شہری سیاسی اجتماعات، مظاہروں اور سیاسی جماعتوں کی سرگرمیوں سے دور رہیں۔

بیان میں پاکستانی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سعودی عرب میں قیام کے دوران کسی بھی ایسی سیاسی سرگرمی میں حصہ نہ لیں جو میزبان ملک کے قوانین سے متصادم ہو۔

سفارتخانے نے پاکستانی شہریوں کو سوشل میڈیا کے استعمال میں بھی خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور مقدس مقامات کے تحفظ کیلئے شانہ بشانہ کھڑا ہے، وزیراعظم

شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ غیرمصدقہ خبروں اور افواہوں کو پھیلانے سے گریز کریں اور ایسا سیاسی یا فرقہ وارانہ مواد شیئر نہ کریں جو سعودی قوانین سے متصادم ہو۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ علاقائی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پاکستانی شہری ذمہ دارانہ طرز عمل اختیار کریں اور اشتعال انگیز یا سنسنی خیز مواد کی تشہیر سے اجتناب کریں۔

پاکستانی سفارتخانے نے مزید واضح کیا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہریوں کو میزبان ملک کے قوانین اور ضوابط کی مکمل پابندی کرنی چاہیے۔

بیان کے مطابق قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ سعودی قوانین کے تحت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جس میں جرمانہ، گرفتاری، قید یا ملک بدری بھی شامل ہوسکتی ہے۔

سفارتخانے نے پاکستانی شہریوں پر زور دیا کہ وہ سعودی عرب میں قیام کے دوران مقامی قوانین کا احترام کریں، سوشل میڈیا کا ذمہ دارانہ استعمال کریں اور ایسی سرگرمیوں سے گریز کریں جو انہیں قانونی مشکلات سے دوچار کرسکتی ہیں۔

Related Articles