آئرلینڈ نے غزہ امن بورڈ سے متعلق شدید تحفظات کا اظہار کردیا۔آئرلینڈ کے نائب وزیر اعظم سائمن ہیرس نے کہا کہ وہ ٹرمپ امن بورڈ میں سنگین خطرات کی نشانیاں دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دستخط کی تقریب میں جو دیکھا وہ ابتدائی امن بورڈ منصوبے سے مختلف ہے۔ اقوام متحدہ نے جس منصوبے کی توثیق کی، اس میں غزہ امن منصوبے کی نگرانی کے لیے بورڈ بنانا تھا لیکن اب کی تجاویز میں غزہ کا ذکر بھی نہیں اور پیوٹن کی شمولیت بھی ہے۔
آئرلینڈ کے نائب وزیر اعظم سائمن ہیرس نے کہاکہ ہمیں امن بورڈ میں شامل ہونے کی صورت حال نظر نہیں آرہی۔
اس بورڈ کا مقصد غزہ کی بحالی کے امور کی نگرانی بتایا گیا تھا تاہم اس کے چارٹر میں اس کے دائرہ کار کو صرف غزہ تک محدود نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ غزہ بورڈ آف پیس کا قیام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 20 نکاتی غزہ امن منصوبے کا اہم حصہ ہے، اس سے قبل امریکا نے غزہ میں جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کا اعلان بھی کردیا ہے، تاہم اسرائیل کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔