نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے شہریوں کی سہولت اور سائبر جرائم سے متعلق معلومات کی فوری فراہمی کے لیے نئی سائبر انفارمیشن ایپ متعارف کرا دی ہے، جس کے ذریعے شہری سائبر کرائم سے متعلق معلومات اور شواہد براہِ راست ادارے تک پہنچا سکیں گے۔
ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق نئی ایپ کا مقصد شہریوں اور ادارے کے درمیان رابطے کو آسان بنانا اور سائبر جرائم سے متعلق معلومات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ایپ کے ذریعے شہری سائبر کرائم سے متعلق معلومات کے ساتھ تصاویر، ویڈیوز، آڈیو ریکارڈنگز اور دستاویزات بھی شیئر کرسکیں گے، جس سے متعلقہ معلومات ادارے تک براہِ راست پہنچانے میں سہولت ہوگی۔
این سی سی آئی اے کے مطابق ایپ میں ہنگامی نوعیت کے سائبر خطرات کی فوری اطلاع دینے کا خصوصی انتظام بھی کیا گیا ہے، جبکہ شہریوں کو ادارے سے براہِ راست رابطے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ جدید ڈیجیٹل سہولیات کے ذریعے شہریوں اور ادارے کے درمیان رابطے کو مزید آسان اور مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سائبر جرائم کی بروقت نشاندہی اور متعلقہ معلومات کی فوری فراہمی سے ان جرائم کے تدارک کی کوششوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔