وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر واضح کیا ہے کہ پیپلزپارٹی کی مخالفت کے باوجود عوامی رائے جاننے کے لیے ریفرنڈم ضرور ہوگا، کسی ایک جماعت کی مخالفت پر عوام سے رائے لینے کا عمل نہیں روکا جا سکتا۔ انہوں نے اس معاملے پر مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی حمایت کی بھی تصدیق کردی۔
وفاقی وزیر کا یہ بیان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے نئے صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم کی مخالفت کے بعد سامنے آیا ہے۔ بلاول بھٹو نے اپنے حالیہ خطاب میں صوبوں کی تقسیم کی مخالفت کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ بالخصوص سندھ کو زبردستی تقسیم کرنے کی کوشش خونریزی کا باعث بن سکتی ہے۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر قومی اتفاقِ رائے انتہائی ضروری ہے اور حکومتی اتحاد کی ترجیح بھی اس معاملے پر اتفاقِ رائے پیدا کرنا ہونی چاہیے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ تحریک انصاف کی قیادت میں اپوزیشن بھی نئے صوبوں کے قیام کی حامی ہے۔
وفاقی وزیر نے دوٹوک انداز میں کہا کہ کسی ایک سیاسی جماعت کی مخالفت کی بنیاد پر عوام کی رائے لینے کا عمل نہیں روکا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم ضرور ہوگا اور مسلم لیگ (ن) پیپلزپارٹی کو قائل کرنے کے لیے آخری حد تک کوشش کرے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ ریفرنڈم نہ تو غیر آئینی ہے اور نہ ہی غیر جمہوری، کسی بھی اہم قومی معاملے پر عوام سے رائے لی جا سکتی ہے۔
ریفرنڈم کے ممکنہ وقت سے متعلق سوال پر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ابھی اس حوالے سے کوئی حتمی وقت بتانا قبل از وقت ہوگا، تاہم جلد معاملات واضح ہو جائیں گے۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی حمایت سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اس معاملے پر مکمل طور پر متفق ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کوئی بڑا فیصلہ نواز شریف کی رائے کے بغیر نہیں کرتے۔
پیپلزپارٹی کے حکومتی اتحاد سے علیحدہ ہوکر تحریک انصاف اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ساتھ اپوزیشن میں شامل ہونے کے امکان پر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پیپلزپارٹی میں تجربہ کار اور سمجھ دار سیاست دان موجود ہیں، امید ہے کہ وہ حکومتی اتحاد کا حصہ رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ معاملات اس حد تک نہیں پہنچیں گے کہ پیپلزپارٹی کو حکومتی اتحاد چھوڑنا پڑے، کیونکہ مسلم لیگ (ن) اس فیصلے پر اتحادی جماعت کو اعتماد میں لینے اور باہمی مشاورت کے ذریعے آگے بڑھنے کی کوشش کرے گی۔
بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین کو نئے صوبوں کے معاملے پر اپنی جماعت کا مؤقف پیش کرنے کا پورا حق حاصل ہے، تاہم انہیں اس بحث سے غیر متعلق معاملات کو سامنے لاکر مسلم لیگ (ن) کو تنقید کا نشانہ بنانے سے گریز کرنا چاہیے۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ نئے صوبوں کی بحث سے غیر متعلق معاملات کو بنیاد بناکر مسلم لیگ (ن) پر حملے کرنا مناسب طرزِ عمل نہیں۔
