ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.65 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 10.41 فیصد کی سطح پر آگئی ہے۔ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر، پیاز، پیٹرول اور ڈیزل سمیت مختلف اشیا کی قیمتوں میں کمی جبکہ انڈے، آٹا، آلو اور مرغی کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ اور 8 اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہفتہ وار بنیادوں پر ٹماٹر کی قیمت میں سب سے زیادہ 30.55 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ پیاز 9.17 فیصد، ایل پی جی 6.46 فیصد، پیٹرول 3.87 فیصد، ڈیزل 2.46 فیصد اور دال مونگ 0.54 فیصد سستی ہوئی۔
دوسری جانب ایک ہفتے کے دوران انڈوں کی قیمت میں 8.84 فیصد، آلو 8.07 فیصد اور آٹے کی قیمت میں 4.42 فیصد اضافہ ہوا۔ اسی طرح مرغی 3.01 فیصد، کیلے 1.74 فیصد اور جارجٹ کپڑا 1.40 فیصد مہنگا ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیادوں پر ایل پی جی کی قیمت میں 87.99 فیصد اور آٹے کی قیمت میں 44.20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بجلی کے سہ ماہی ٹیرف میں 36.30 فیصد اضافہ ہوا۔
سالانہ بنیادوں پر ڈیزل 24.84 فیصد، مرغی 24.35 فیصد، پیاز 24.05 فیصد اور پیٹرول 21.35 فیصد مہنگا ہوا۔
رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیادوں پر آلو کی قیمت میں 27.13 فیصد، چینی 26.24 فیصد اور ٹماٹر کی قیمت میں 20.86 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح انڈے 16.10 فیصد، نمک 11.03 فیصد اور دال مسور 6.90 فیصد سستی ہوئی۔