وزیر مملکت برائے قانون بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے عوامی رائے لینے میں کوئی حرج نہیں، آئین ریفرنڈم سے نہیں روکتا، جبکہ بہتر گورننس کے لیے ملک میں نئے صوبوں کا قیام ضروری ہے۔
بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر عوامی رائے معلوم کرنے کے لیے ریفرنڈم کرایا جا سکتا ہے اور اس سے انتخابات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
وزیر مملکت برائے قانون نے واضح کیا کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئینی ترمیم ضروری ہے، جس کی منظوری کے لیے پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت درکار ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئینی ترمیم کا اختیار پارلیمنٹ کے پاس ہے اور یہ کام پارلیمنٹ نے ہی کرنا ہے۔
بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ تحریک انصاف بھی نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے اپنی پوزیشن واضح کر چکی ہے اور یہ معاملہ اس کے انتخابی منشور کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پہلے ہی صوبوں میں اپنا حق رکھتی ہے۔
حکومتی اتحادی جماعتوں کے درمیان ملاقاتوں سے متعلق سوال پر وزیر مملکت نے کہا کہ اتحادیوں کی ملاقاتیں معمول کا حصہ ہیں، جن میں مختلف سیاسی اور حکومتی امور زیر بحث آتے ہیں۔ ان ملاقاتوں کا مقصد باہمی مشاورت کے ذریعے معاملات کو حل کرنا ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت اتحادی جماعتوں پر مشتمل ہے اور پاکستان پیپلزپارٹی اس کی ایک بڑی اتحادی جماعت ہے۔ مختلف اہم معاملات پر پیپلزپارٹی کو اعتماد میں لیا جاتا ہے اور باہمی مشاورت کے بعد فیصلوں کو آگے بڑھایا جاتا ہے۔