بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کی گروہ بندی اور مخالف دھڑوں کے خلاف کارروائیوں کا نشانہ معصوم عوام، دالبندین میں کالعدم بی ایل اے کی بچھائی بارودی سرنگ پھٹ گئی، تین بلوچ نوجوان جاں بحق

بلوچستان کے علاقے دالبندین کے نواح میں بارودی سرنگ کے دھماکے سے تین بلوچ نوجوان جاں بحق ہوگئے۔ اطلاعات میں کے مطابق دھماکا کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کی جانب سے مبینہ طور پر نصب کی گئی بارودی سرنگ کے باعث پیش آیا، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

ذرائع  کے مطابق دالبندین کے نواحی علاقے خرگوشکاں میں تین نوجوان بارودی سرنگ کی زد میں آگئے۔ دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت سہیل، عرفان اور الطاف کے ناموں سے ہوئی ہے۔

واقعے کے بعد تینوں نوجوانوں کی لاشیں پرنس فہد ہسپتال دالبندین منتقل کردی گئیں۔

ذرائع کے مطابق  بی ایل اے کے مختلف دھڑوں کے درمیان اندرونی اختلافات اور گروہ بندی موجود ہے، جس کے نتیجے میں مخالف گروہوں کو نشانہ بنانے کے لیے دیسی ساختہ بارودی آلات (آئی ای ڈیز) نصب کیے جاتے ہیں۔

واقعے نے ایک مرتبہ پھر بارودی سرنگوں اور دھماکا خیز آلات سے عام شہریوں کو لاحق خطرات کو نمایاں کیا ہے۔

Related Articles