مفتی ابرار کی گرفتاری کے لیے اسلام آباد پولیس گزشتہ 36 گھنٹوں سے جے یو آئی قیادت سے مسلسل رابطے، زبانی یقین دہانیوں کے باوجود جے یو آئی ہٹ دھرمی پر قائم
Home - آزاد سیاست - مفتی ابرار کی گرفتاری کے لیے اسلام آباد پولیس گزشتہ 36 گھنٹوں سے جے یو آئی قیادت سے مسلسل رابطے، زبانی یقین دہانیوں کے باوجود جے یو آئی ہٹ دھرمی پر قائم
اسلام آباد میں درج فوجداری مقدمے میں مطلوب مفتی ابرار کی گرفتاری کے لیے پولیس کمانڈ کے جمعیت علمائے اسلام (ف) کی اعلیٰ قیادت سے گزشتہ 36 گھنٹوں کے دوران مسلسل رابطوں کا انکشاف ہوا ہے، تاہم پولیس ذرائع کے مطابق بار بار رابطوں اور زبانی یقین دہانیوں کے باوجود جے یو آئی قیادت کی جانب سے تاحال کوئی عملی تعاون فراہم نہیں کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس کے اعلیٰ حکام نے سینیٹر کامران مرتضیٰ سمیت جمعیت علمائے اسلام (ف) کی سینئر قیادت سے باقاعدہ رابطے کیے اور اسلام آباد میں درج فوجداری مقدمے میں مطلوب مفتی ابرار کی گرفتاری کے لیے مدد اور تعاون طلب کیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ جے یو آئی قیادت سے گزشتہ 36 گھنٹوں کے دوران متعدد بار رابطہ کیا گیا، جس کے دوران مطلوب ملزم کی گرفتاری میں تعاون سے متعلق زبانی یقین دہانیاں بھی کرائی گئیں۔
تاہم پولیس ذرائع کے مطابق ان یقین دہانیوں کے باوجود جے یو آئی (ف) کی قیادت کی جانب سے تاحال کوئی عملی تعاون سامنے نہیں آیا اور مفتی ابرار کی گرفتاری میں مدد کے حوالے سے کوئی ٹھوس پیش رفت نہیں ہوسکی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس مطلوب ملزم کی گرفتاری کے لیے جے یو آئی کی اعلیٰ قیادت سے تعاون حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، تاہم اب تک ہونے والے رابطوں کے مطلوبہ نتائج سامنے نہیں آسکے۔