دو سیاسی خاندانوں کے ہاتھ میں پورا ملک کیوں؟ فواد چوہدری نے موروثی سیاست اور موجودہ نظام پر بڑے سوالات اٹھا دیے

دو سیاسی خاندانوں کے ہاتھ میں پورا ملک کیوں؟ فواد چوہدری نے موروثی سیاست اور موجودہ نظام پر بڑے سوالات اٹھا دیے

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اب وفاقی جماعت کے بجائے سندھ کی سیاست تک محدود ہو چکی ہے، جبکہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر زرداری اور شریف خاندان کی سیاسی حکمتِ عملی اس منصوبے کو مؤخر کرنے کی ہے۔ ان کے مطابق عمران خان نئے صوبوں کے قیام کے حامی ہیں اور اس معاملے پر ان کی سوچ اسٹیبلشمنٹ سے کافی حد تک مطابقت رکھتی ہے۔

آزاد ڈیجیٹل کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ایک وقت تھا جب پیپلز پارٹی کو چاروں صوبوں کی زنجیر کہا جاتا تھا، تاہم اب اس کی سیاسی طاقت بنیادی طور پر سندھ سے آتی ہے۔ ان کے بقول بلاول بھٹو زرداری نے نئے صوبوں کی مخالفت اور خون خرابے سے متعلق بیانات دے کر سندھ میں اپنے حامیوں کے جذبات کی ترجمانی کرنے کی کوشش کی ہے۔

فواد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر اسٹیبلشمنٹ کو سب سے بڑی مشکل یہ درپیش ہے کہ اس کی دو سیاسی اتحادی جماعتیں، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی، اس تجویز کی حمایت نہیں کر رہیں، جبکہ عمران خان، جو ان کے بقول صوبوں کے قیام کے حامی ہیں، جیل میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زرداری اور شریف خاندان نئے صوبوں کے معاملے پر وقت گزارنے کی حکمتِ عملی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق ایک تجویز یہ بھی زیرِ بحث ہے کہ ریفرنڈم اور آئینی ترمیم تو کر لی جائے، لیکن نئے انتظامی نظام پر عمل درآمد 2029 کے بعد کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ فیصلہ کن مرحلے میں داخل، 15 دسمبر تک ریفرنڈم ہوگا، فواد چوہدری کا بڑا دعویٰ

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کا بنیادی مقصد اختیارات کو عوام کے قریب منتقل کرنا ہونا چاہیے، تاہم اس منصوبے میں علاقائی اور لسانی شناخت کے حساس معاملے کو پوری طرح واضح نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ اور پنجاب کے عوام کو یہ اعتماد دینا ضروری ہے کہ نئی انتظامی اکائیاں بننے کے باوجود ان کی تاریخی اور ثقافتی شناخت برقرار رہے گی۔

فواد چوہدری نے تجویز دی کہ موجودہ صوبوں کی شناخت برقرار رکھتے ہوئے ان کے اندر چار چار انتظامی ریجن قائم کیے جا سکتے ہیں، جن کی اپنی اسمبلیاں اور انتظامی اختیارات ہوں۔ انہوں نے کراچی اور گوادر کو وفاق کے ماتحت لانے کی بھی تجویز پیش کی۔

پی ٹی آئی کی موجودہ سیاست پر تنقید کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پارٹی نے اپنی سیاسی حکمتِ عملی وکلا کے حوالے کر دی، جس سے پارٹی اور عمران خان کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان نئے صوبوں کے قیام کے حامی ہیں، تاہم وہ نہیں چاہتے کہ اس معاملے پر کسی ممکنہ سیاسی مفاہمت کو ڈیل یا سودے بازی سمجھا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو موجودہ سیاسی بحران سے نکالنے کے لیے سیاسی جماعتوں اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان مذاکرات ضروری ہیں۔ ان کے مطابق ایک ایسی قومی حکومت تشکیل دی جانی چاہیے جس میں مختلف سیاسی جماعتیں شامل ہوں اور انتخابی اصلاحات، آئینی معاملات اور نئے صوبوں پر اتفاقِ رائے پیدا کیا جا سکے۔

فواد چوہدری نے موجودہ حکومتی نظام پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جیسے بڑے ملک کو محض چند سیاسی خاندانوں کے گرد گھومنے والے نظام کے ذریعے مؤثر انداز میں نہیں چلایا جا سکتا۔ ان کے مطابق ملک کو اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی، سیاسی اتفاقِ رائے اور انتظامی اصلاحات کی ضرورت ہے۔

Related Articles