فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) نے 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین کو اہم ہدایت جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے بجلی کے بل پر موجود کیو آر کوڈ کے ذریعے تصدیقی عمل جلد مکمل کرلیں، بصورت دیگر انہیں حکومتی سبسڈی سے محرومی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
فیسکو کے مطابق وزارت توانائی کی ہدایات اور چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر محمد عامر کے احکامات پر صارفین کی رجسٹریشن اور ویریفکیشن کا عمل تیز کر دیا گیا ہے،اس اقدام کا مقصد مستحق صارفین کو کراس سبسڈی کی سہولت مسلسل فراہم کرنا اور سبسڈی کے نظام کو مزید شفاف، محفوظ اور ڈیجیٹل بنانا ہے۔
فیسکو ترجمان محمد سعید رضا کے مطابق فیسکو ریجن میں حکومتی سبسڈی کے اہل پروٹیکٹڈ صارفین کی تعداد 39 لاکھ 51 ہزار 336 ہے، جن میں سے 17 لاکھ 13 ہزار 110 صارفین کیو آر کوڈ کے ذریعے کامیابی سے تصدیقی عمل مکمل کر چکے ہیں۔
ترجمان کے مطابق اب بھی 22 لاکھ 38 ہزار 126 صارفین نے اپنی ویریفکیشن مکمل نہیں کی، جس کے باعث مستقبل میں ان کی سبسڈی متاثر ہونے کا امکان ہے۔
فیسکو نے صارفین کو طریقہ کار بتاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے تازہ بجلی کے بل پر موجود کیو آر کوڈ موبائل فون سے اسکین کریں، قومی شناختی کارڈ نمبر اور رجسٹرڈ موبائل نمبر درج کریں، جبکہ موصول ہونے والے ون ٹائم پاس ورڈ (او ٹی پی) کے ذریعے تصدیقی عمل مکمل کریں۔
فیسکو انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل ویریفکیشن نظام کا مقصد سبسڈی کے غلط استعمال کی روک تھام اور حکومتی ریلیف کو حقیقی حقدار صارفین تک پہنچانا ہے۔
کمپنی نے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ وہ صرف اپنے اصل بجلی کے بل پر موجود کیو آر کوڈ استعمال کریں اور کسی بھی جعلی ویب سائٹ، مشکوک لنک یا غیر مصدقہ ذریعے پر اپنی ذاتی معلومات ہرگز درج نہ کریں۔.