پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اگرچہ اپنے شاندار کیریئر کے دوران قومی ٹیم کو فیفا ورلڈ کپ کا ٹائٹل دلانے میں کامیاب نہیں ہو سکے، تاہم ان کی آمدنی اور مجموعی دولت کے حوالے سے سامنے آنے والے تازہ اعداد و شمار نے دنیا بھر کے مداحوں کو حیران کر دیا ہے۔
فوربز کی حالیہ رپورٹ کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو کے مجموعی اثاثوں کی مالیت 1.2 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ چکی ہے، جس کے بعد وہ تاریخ کے امیر ترین کھلاڑیوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران رونالڈو کی مجموعی سالانہ آمدنی 300 ملین امریکی ڈالر رہی۔ اس حساب سے ان کی دولت میں ہر منٹ تقریباً 570 امریکی ڈالر کا اضافہ ہوا، جو پاکستانی کرنسی میں ایک لاکھ 58 ہزار روپے سے زائد بنتا ہے۔
فوربز کے مطابق رونالڈو کی آمدنی میں نمایاں اضافہ 2023 میں سعودی عرب کے فٹبال کلب النصر کے ساتھ معاہدے کے بعد ہوا، جس کی انہوں نے 2025 میں تجدید بھی کی۔ اس معاہدے کے تحت وہ سالانہ 200 ملین امریکی ڈالر سے زائد کماتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق رونالڈو کی آمدنی صرف فٹبال تک محدود نہیں بلکہ مختلف عالمی برانڈز کے ساتھ اسپانسرشپ معاہدے، کاروباری سرمایہ کاری اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے حاصل ہونے والی آمدنی بھی ان کی مجموعی دولت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
اگرچہ حالیہ فیفا ورلڈ کپ میں پرتگال ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا اور یہ ٹورنامنٹ رونالڈو کی ممکنہ طور پر آخری ورلڈ کپ شرکت قرار دیا جا رہا ہے، تاہم انہوں نے تاحال بین الاقوامی فٹبال سے باضابطہ ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا ہے۔