راولاکوٹ میں کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے غنڈوں نے رینجرز اور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 اہلکار زخمی ہو گئے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلعی کنٹرول روم راولاکوٹ، چنار چوک کے مقام پر کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے کارکنوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان تصادم کے دوران ضلع پولیس راولاکوٹ کے کانسٹیبل محمد زبیر (نمبر 429) کو گولی لگی، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پنجاب رینجرز کے اہلکار آصف بھی فائرنگ کے واقعے میں شدید زخمی ہوئے اور انہیں بے ہوشی کی حالت میں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں تصادم جاری ہے اور مزید تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور امن و امان خراب کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح غنڈے اس سے قبل متعدد سیکیورٹی اہلکاروں کو شہید کرچکے ہیں ۔
قبل ازیں بھی کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح غنڈوں کی جانب سے متعدد بار سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی جاچکی ہے، کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح غنڈوں کی جانب سے پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں پر براہِ راست فائرنگ کیے جانے کی ویڈیو منظرِ عام پر آئی تھی،ویڈیو میں دیکھا گیا تھا کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی سے وابستہ مسلح افراد سیکیورٹی اہلکاروں پر براہِ راست فائرنگ کر رہے تھے ۔
ادھر سیکیورٹی فورسز کی جانب سے عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے تھے۔ فائرنگ کے واقعے اور ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی شدید ردِعمل دیکھنے میں آیا تھا، جہاں متعدد صارفین نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی کارروائی اور انہیں کیفرِ کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا تھا۔
اس سے قبل بھی کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے مسلح جتھوں نے معمول کے گشت پر مامور پولیس کی فلیگ مارچ پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کی تھی۔ اس حملے میں پولیس کی بکتر بند گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔