محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ 29 جولائی سے ملک بھر میں مون سون بارشوں کا ایک نیا اور طاقتور سلسلہ داخل ہوگا، جس کے باعث مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
ادارے نے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کے خدشے کے پیش نظر عوام اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر شدید بارش کے باعث نکاسی آب کا نظام متاثر ہونے اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ 29 جولائی سے شروع ہونے والا مون سون کا نیا اسپیل اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور دریاؤں کے بالائی کیچمنٹ علاقوں کو متاثر کرے گا، جہاں مختلف مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دریائے چناب اور دریائے راوی میں پانی کی سطح مزید بلند ہو سکتی ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ضروری احتیاطی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ادارے کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران نورپور تھل میں 115 ملی میٹر، گوجرانوالہ میں 107 ملی میٹر جبکہ گجرات میں 94 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو رواں مون سون سیزن کی شدید بارشوں میں شمار کی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں، خصوصاً نشیبی علاقوں، دریا کنارے آباد آبادیوں اور پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے والے افراد کو محتاط رہنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور موسمی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی ہے۔