ہم یہ سب پہلے بھی دیکھ چکے ہیں، ایران کا امریکی معاشی پابندیوں پر رد عمل

ہم یہ سب پہلے بھی دیکھ چکے ہیں، ایران کا امریکی معاشی پابندیوں پر رد عمل

ایران نے امریکا کی جانب سے عائد کی جانے والی نئی معاشی پابندیوں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں معاشی دہشت گردی قرار دیا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکا ماضی میں بھی ایران پر سخت پابندیاں اور دباؤ کی پالیسی آزما چکا ہے جو ناکامی سے دوچار ہوئی۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ 14 سال قبل ایران پر عائد کی گئی تاریخ کی تباہ کن ترین پابندیاں اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہیں جبکہ 8 سال قبل اختیار کی گئی زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی بھی ناکام ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانچ ماہ قبل ایران کے سامنے غیر مشروط ہتھیار ڈالنے کی شرط بھی ناکامی کا شکار ہوئی۔ اب ایران پر معاشی سطح پر اب تک کا سب سے بڑا وار کیا گیا ہے اور اس اقدام کا بھی ناکام ہونا طے ہے۔

یہ بھی پڑھیں :ایران سے کاروبار کرنے والے ممالک کیخلاف بھی سخت اقدامات کریں گے ،امریکہ

 ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق ایران ماضی میں بھی شدید معاشی دباؤ کا سامنا کرچکا ہے اور نئی پابندیاں بھی تہران کو اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنے پر مجبور نہیں کرسکیں گی۔ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے بھی امریکی پابندیوں کے تناظر میں خبردار کیا کہ ایران کو مشکل معاشی حالات کے لیے تیار رہنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ فوج خواہ کتنی ہی طاقتور کیوں نہ ہو لیکن اگر عوام بھوکے ہوں تو حکومتوں کے لیے مشکلات بڑھ جاتی ہیں۔باقر قالیباف کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایرانی قیادت کو امریکی پابندیوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والے ممکنہ معاشی اثرات اور عوامی مشکلات کا ادراک ہے اور وہ ملک کو ان حالات کے لیے تیار کرنا چاہتی ہے۔

واضح رہے کہ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے گزشتہ روز ایران کے خلاف سخت ترین معاشی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

 یہ بھی پڑھیں :ٹرمپ کا ایران کے خلاف سخت ترین معاشی پابندیوں کا اعلان، مدد کرنے والے ممالک کو بھی دھمکی

امریکی نشریاتی ادارے سی این بی سی کے مطابق اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ امریکا ایران کے خلاف تاریخ کی سخت ترین پابندیاں عائد کرنے جا رہا ہے۔ ان اقدامات کا مقصد ایرانی حکومت کی اپنے پراکسی گروہوں کے ذریعے کارروائیاں کرنے کی صلاحیت کو محدود کرنا ہے۔

امریکی وزیر خزانہ نے خبردار کیا کہ جو ممالک ایران کے ساتھ کاروباری تعلقات جاری رکھیں گے ان کے خلاف بھی امریکی اقدامات نافذ کیے جاسکتے ہیں۔

امریکی پابندیوں کے اعلان کے بعد ایران کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا ہے اور تہران نے واضح کیا ہے کہ وہ ماضی کی طرح موجودہ معاشی دباؤ کا بھی مقابلہ کرے گا۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ امریکا کی جانب سے بار بار پابندیوں اور زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی اختیار کرنے کے باوجود ایران اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹا، اس لیے نئی معاشی پابندیوں کے نتائج بھی واشنگٹن کی توقعات کے مطابق نہیں ہوں گے۔

editor

Related Articles