محکمہ تعلیم پنجاب نے صوبے بھر کے سکولوں کے نئے اوقات کار کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے تحت جمعہ کی ہفتہ وار چھٹی ختم کردی گئی ہے جبکہ ہفتہ کے روز تعطیل برقرار رہے گی۔
محکمہ تعلیم پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسکول ہفتے کے دوران پیر سے جمعہ تک کھلے رہیں گے جبکہ ہفتہ کو چھٹی ہوگی۔ اس طرح ایک ماہ کے چاروں ہفتوں میں ہفتہ کے روز اسکول بند رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں :اسکول کب کھلیں گے؟ تین صوبوں کا شیڈول آ گیا ، پنجاب میں تاحال ابہام برقرار
نوٹیفکیشن کے مطابق پیر سے جمعرات تک اسکولوں کے اوقات صبح 8 بجے سے دوپہر ڈیڑھ بجے تک ہوں گے جبکہ جمعہ کے روز تدریسی اوقات صبح 8 بجے سے دوپہر 12 بج کر 45 منٹ تک مقرر کیے گئے ہیں۔
محکمہ تعلیم کے مطابق ایوننگ شفٹ کے اسکولوں کے لیے بھی نئے اوقات کار مقرر کیے گئے ہیں۔ پیر سے جمعرات تک دوسری شفٹ کے اسکول دوپہر ایک بجے سے شام ساڑھے 5 بجے تک جاری رہیں گے۔
جمعہ کے روز ایوننگ شفٹ میں اسکول دوپہر 2 بجے شروع ہوگا جبکہ چھٹی شام ساڑھے 5 بجے ہوگی۔محکمہ تعلیم پنجاب نے تمام متعلقہ اسکولوں کو نئے اوقات کار پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔
نئے شیڈول کے تحت جمعہ کو اسکول کھولنے اور ہفتہ کو تعطیل رکھنے کا فیصلہ صوبے میں تعلیمی اداروں کے ہفتہ وار اوقات کار میں تبدیلی کی اہم پیش رفت ہے۔