حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کردیا، اوگرا نے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 5 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 37 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل چوتھے روز بھی اضافہ جاری ہے۔ اس سے قبل پیر، منگل اور بدھ کے روز بھی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کے نرخ بڑھائے تھے۔
گزشتہ روز پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 40 پیسے اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 367 روپے 75 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 72 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد اس کی قیمت 392 روپے 67 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔
اس سے قبل منگل کے روز پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 58 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 18 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔ اضافے کے بعد پیٹرول 364 روپے 35 پیسے اور ڈیزل 385 روپے 95 پیسے فی لیٹر ہوگیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرول کے بعد آٹے کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے، شہری پریشان
پیر کو پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے 90 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 72 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔ اضافے کے بعد پیٹرول کی قیمت 358 روپے 77 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 381 روپے 77 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔
پیٹرولیم مصنوعات کے مسلسل بڑھتے نرخوں سے شہریوں کے سفری اخراجات میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے، جبکہ ڈیزل مہنگا ہونے سے مال برداری، پبلک ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں کی لاگت بھی بڑھنے کا امکان ہے۔
حکومت کے مطابق مشرقِ وسطیٰ کی صورت حال کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تیزی سے تبدیلیاں آرہی ہیں، جس کے اثرات ملکی پیٹرولیم قیمتوں پر بھی پڑ رہے ہیں۔
حکومت نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے پیش نظر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ تعین کا طریقہ کار اختیار کیا ہے، جبکہ ہفتہ اور اتوار کو قیمتیں برقرار رکھنے کا طریقہ کار نافذ ہے۔


