پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق وزیر پیٹرولیم کا اہم بیان

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق وزیر پیٹرولیم کا اہم بیان

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ عالمی منڈی کی صورتحال سے براہِ راست جڑا ہوا ہے۔

علی پرویز ملک نےنجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ہونے والی تبدیلیوں سے متاثر ہوتا ہے،وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ یا کمی ہو تو اس کے اثرات پاکستان کی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔

 عالمی سطح پر تیل مہنگا

حالیہ دنوں میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے باعث عالمی مارکیٹ میں تیل کی سپلائی کے حوالے سے خدشات پیدا ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں خام تیل کی قیمتیں تین ماہ کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئی ہیں،عالمی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان سمیت تیل درآمد کرنے والے ممالک کے لیے توانائی کے اخراجات میں اضافے کا دباؤ بڑھ جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں ؎پیٹرولیم لیوی کا خاتمہ نہ ہوا تو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ ہوگا، حافظ نعیم الرحمان کا اعلان

 قطر سے ایل این جی کارگو پہنچ رہا ہے

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے ایل این جی کی سپلائی کے حوالے سے بھی اہم پیش رفت سے آگاہ کیا، انہوں نے بتایا کہ قطر سے ایل این جی کا ایک کارگو آج کراچی پہنچ رہا ہے،ان کا کہنا تھا کہ قطر نے یقین دہانی کرائی ہے کہ حالات میں بہتری کے ساتھ ایل این جی کی سپلائی کے معاملے میں بھرپور تعاون جاری رکھا جائے گا۔

ایل این جی سپلائی میں تعاون

وفاقی وزیر کے مطابق قطر کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون پاکستان کے لیے اہم ہے اور ایل این جی کی مسلسل فراہمی ملک کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے،انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی صورتحال کے باوجود ایل این جی کی سپلائی برقرار رکھنے کے لیے متعلقہ سطح پر اقدامات کیے جارہے ہیں۔

 توانائی کی ضروریات

پاکستان اپنی توانائی کی ضروریات کے ایک بڑے حصے کے لیے درآمدی ایندھن پر انحصار کرتا ہے، جس کے باعث عالمی منڈی میں تیل اور گیس کی قیمتوں میں ہونے والی تبدیلیاں ملکی معیشت پر اثرانداز ہوتی ہیں،خام تیل مہنگا ہونے سے نہ صرف پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر دباؤ بڑھتا ہے بلکہ نقل و حمل، صنعت اور دیگر شعبوں کے اخراجات بھی متاثر ہوسکتے ہیں۔

حکومتی اقدامات

وفاقی وزیر کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے، حکومت کے لیے ایک طرف عالمی قیمتوں کے اثرات کو مدنظر رکھنا اہم ہے تو دوسری جانب عوام پر اضافی مالی بوجھ کم رکھنا بھی بڑا چیلنج ہے۔

editor

Related Articles