27 ستمبر کو ہونے والے احتجاج اور لانگ مارچ کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف پنجاب اور خیبرپختونخوا کے درمیان اختلافات شدت اختیار کرگئے ہیں، پی ٹی آئی پنجاب نے لانگ مارچ ملتوی کرنے کی درخواست کردی۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر پنجاب سمیت پی ٹی آئی کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے لیے تیاریوں کو ناکافی قرار دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے پنجاب سے تعلق رکھنے والے ارکان نے سلمان اکرم راجہ سے لانگ مارچ ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ارکان نے شکوہ کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور بیرسٹر گوہر نے 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے اعلان سے قبل پنجاب سے مشاورت نہیں کی۔
ذرائع کے مطابق پنجاب سے تعلق رکھنے والے ارکان نے یہ شکوہ بھی کیا کہ پشاور میں ہونے والے مشاورتی اجلاس میں بھی پنجاب کے ارکان کو نہیں سنا گیا۔
پنجاب کے ارکان کے مطالبے پر کے پی کے ہاؤس اسلام آباد میں اجلاس طلب کرلیا گیا ہے، جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور سلمان اکرم راجہ شریک ہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل جنید اکبر نے پی ٹی آئی پنجاب اور پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے درمیان اختلافات اور تقسیم سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی پنجاب اور پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں تقسیم ایک بار پھر سامنے آگئی ہے۔
جنید اکبر کے مطابق پی ٹی آئی پنجاب کے لوگ لانگ مارچ سے مکمل پیچھے ہٹ گئے ہیں اور ارکان نے 27 ستمبر کے مارچ کو ملتوی کرنے کا کہہ دیا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ اپوزیشن لیڈر پنجاب سمیت پی ٹی آئی کے ایم این ایز اور ایم پی ایز نے اپنی تیاریوں کو نامکمل قرار دیتے ہوئے سلمان اکرم راجہ کو واضح طور پر کہا ہے کہ 27 ستمبر کا لانگ مارچ ملتوی کریں۔
جنید اکبر کے مطابق پی ٹی آئی ارکان نے یہ شکوہ بھی کیا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور بیرسٹر گوہر نے 27 ستمبر کے مارچ کے اعلان سے قبل پنجاب سے مشاورت ہی نہیں کی، جبکہ پشاور میں ہونے والے مشاورتی اجلاس میں بھی پنجاب کے ارکان کو نہیں سنا گیا۔
اس صورتحال کے بعد 27 ستمبر کو ہونے والا پی ٹی آئی مارچ کھٹائی میں پڑتا دکھائی دے رہا ہے۔